خیبر پختونخوا کے ضلع کرک سے پولیو کا نیا کیس سامنے آ گیا ہے جس کے بعد رواں سال ملک میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 10 ہو گئی۔
2024 کے دوران ملک بھر میں پولیو وائرس کے 74 اور 2025 میں 31 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، انسدادِ پولیو پروگرام کے آغاز کے بعد اس مرض کے کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے، تاہم ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ تاحال نہیں ہو سکا۔ پاکستان اور افغانستان دنیا کے واحد دو ممالک ہیں جہاں جنگلی پولیو وائرس اب بھی موجود ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق کرک میں 14 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ رواں سال خیبر پختونخوا سے پولیو کے 8 کیسز میں سے 4 جنوبی اضلاع سے سامنے آئے ہیں۔
این ای او سی کا کہنا ہے کہ 2026 کی تیسری اور آخری قومی انسدادِ پولیو مہم 12 سے 18 دسمبر تک ملک بھر میں چلائی جائے گی۔ ایک ہفتے پر مشتمل اس مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق مہم کے دوران ہر بچے کو پولیو ویکسین کے ساتھ وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی دی جائے گی۔
این ای او سی نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں، پولیو لاعلاج مرض ہے، تاہم ویکسین کے ذریعے بچوں کو اس سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے پولیو انتہائی متعدی مرض ہے، جو زیادہ تر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو متاثر کرتا ہے۔ یہ وائرس اعصابی نظام پر حملہ آور ہو کر مستقل معذوری اور فالج کا سبب بن سکتا ہے، جبکہ بعض صورتوں میں متاثرہ بچے کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔ پولیو کا تاحال کوئی علاج دریافت نہیں ہو سکا تاہم ویکسین کی بروقت اور بار بار خوراک بچوں کو اس مرض سے محفوظ رکھنے کا مؤثر ترین ذریعہ ہے۔



