سکیورٹی فورسز نے قلات کے قریب قومی شاہراہ این 25 پر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ ان کے قبضے سے 23 مغوی افراد کو بازیاب کرا لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 18 اور 19 ستمبر کی درمیانی شب دہشتگردوں نے این 25 پر چیک پوسٹ قائم کی تھی، دہشتگردوں کا مقصد شہریوں کو اغوا کرنے، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی وارداتیں کرنا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف مؤثر آپریشن کیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
دہشتگردوں کے ٹھکانے سے 23 مغوی افراد کو بازیاب کرایا گیا جبکہ بڑی تعداد میں گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے قبضے سے 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 کاریں بھی برآمد کر لیں، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی کے نتیجے میں دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قلات اور گردونواح میں دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جس کا مقصد مقامی آبادی اور قومی شاہراہوں کی سکیورٹی یقینی بنانا ہے۔
ترجمان کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشتگردی کی مہم بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔



