وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا قیام ایک اہم آئینی اور سیاسی معاملہ ہے، جس پر بحث اور فیصلے کا اصل فورم پارلیمنٹ ہے، اس معاملے کو کسی غیر پارلیمانی فورم پر اٹھانا مناسب نہیں تھا، نئے صوبوں کے قیام کے لیے تمام سیاسی جماعتوں، صوبائی نمائندوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔ انہوں نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے اختلافات کو ذاتی لڑائی یا سرد جنگ قرار دینے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اختلاف ان کے مؤقف اور معاملے کو آگے بڑھانے کے طریقہ کار پر تھا، ان کی شخصیت پر کبھی بات نہیں کی۔
ہم نیوز کے پروگرام ”ہم دیکھیں گے“ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نئے صوبوں کا معاملہ درست طریقے سے ہینڈل نہیں کیا گیا۔ اتنے اہم معاملے کو غیر پارلیمانی فورم پر اٹھانے سے اسے سلجھانے کے بجائے مزید الجھایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام پر سیاسی اتفاق رائے پارلیمنٹ کے اندر پیدا ہونا چاہیے اور تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا معاملہ پہلے متعلقہ سیاسی قیادت کی سطح پر حل ہونا چاہیے تھا، اس حوالے سے محسن نقوی کے ذریعے بات ان تک پہنچی، تاہم ان کی محسن نقوی سے براہ راست اس معاملے پر گفتگو نہیں ہوئی، رانا ثنا اللہ کے مطابق اتنا بڑا آئینی اور سیاسی معاملہ کسی ایک شخص کی انفرادی کوشش یا سولو فلائٹ نہیں ہوسکتا، اس کے پیچھے کسی نہ کسی سطح پر مشاورت اور کاغذی کارروائی ضرور ہوئی ہوگی۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ ڈھائی سال سے وہ اس وزیر کے تبصرے صبر سے سن رہے ہیں، ان کے بقول یہ وزیر ٹی وی پر آنے کے لیے ان پر تبصرے کر رہے ہیں لیکن جس دن انہوں نے ان وزیر کے خلاف تبصرہ کیا تو وہ منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔
رانا ثنا اللہ نے وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے بیان پر جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں ردِعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ محسن نقوی بڑے شوق سے میرے متعلق تبصرہ کریں لیکن انہیں سمجھ نہیں آئی کہ وہ یہ کہہ رہے ہیں کہ ان کی ذات پر میں تبصرہ کر رہا ہوں، کیا وہ قائدِ اعظم ہیں جو میں ان کی ذات اور افکار پر تبصرہ کر رہا ہوں اور وہ ختم نہیں ہو رہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ محسن نقوی کی اپنی رائے ہے اور انہیں اپنی رائے رکھنے کا حق حاصل ہے، اسی طرح انہیں بھی اختلافی مؤقف اختیار کرنے کا حق ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ محسن نقوی کے مؤقف پر بات کی، ان کی ذات یا شخصیت کو کبھی تنقید کا نشانہ نہیں بنایا۔ ان کے بارے میں ہمیشہ پارلیمانی اور بااحترام انداز اختیار کیا۔ مجھے یقین ہے کہ محسن نقوی کا بیان میرے بارے میں ہی تھا، تاہم اس معاملے کو ذاتی تنازع نہیں سمجھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی سے ان کی کوئی سرد جنگ نہیں اور نہ ہی انہوں نے خود اس معاملے کو شروع کیا تھا، البتہ سامنے آنے والے بیانات کا جواب ضرور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں ہدایت کی تھی کہ اختلافات کو مزید نہ بڑھایا جائے، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاملہ بہت بڑھ گیا ہے، اسے کم کیا جائے اور مزید بیانات سے گریز کیا جائے۔
مشیر وزیراعظم نے نئے صوبوں کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی قیادت سے مشاورت نہ ہونے کے سوال پر کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے اس معاملے پر بات نہ ہونے کا سوال اپنی جگہ اہم ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما اور دیگر عہدیدار روزانہ ملاقات کرتے ہیں، ایسے میں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ اتنے بڑے معاملے پر ان سے پہلے بات کیوں نہیں کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کے کاروباری دوست بھی نئے صوبوں کے بڑے حامی ہیں، اس لیے اس معاملے کے پس منظر اور اس کے مختلف پہلوؤں کو بھی دیکھنا ہوگا۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ پر قومی اتفاق رائے ضروری ہے
رانا ثنا اللہ نے دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کا سیاسی مؤقف اختیار نہیں کرنا چاہیے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کے سوا ملک کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو دہشت گردی کے معاملے پر واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔ ایسے بیانات اور سیاسی رویوں سے گریز ضروری ہے جو دہشت گردی کے خلاف قومی کوششوں کو نقصان پہنچائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا چاہیے۔
سفارتی محاذ پر پاکستان کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات میں پیش رفت پاکستان کی اہم سفارتی کامیابی ہے۔
اس کا کریڈٹ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کو جاتا ہے، جنہوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مختلف ممالک کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور بہتر سفارتی تعلقات کا خواہاں ہے اور موجودہ حالات میں سفارتی کوششوں کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے نئے صوبوں کے معاملے پر امید ظاہر کی کہ اس حوالے سے کوئی بڑا سیاسی طوفان پیدا نہیں ہوگا اور مناسب مشاورت کے ذریعے بہتر حل نکال لیا جائے گا۔ ان کے مطابق اس نوعیت کے اہم قومی معاملات کو سیاسی اختلافات اور شخصی تنازعات کی نذر کرنے کے بجائے پارلیمنٹ میں زیر بحث لانا چاہیے تاکہ تمام سیاسی قوتیں مل کر قابل قبول فیصلہ کرسکیں۔



