غیر ملکی وفود کی آمد و رفت اور سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد میں ٹریفک کے خصوصی انتظامات کرتے ہوئے میٹرو بس سروس جزوی طور پر معطل کرنے اور ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میٹرو بس حکام کے مطابق 26 نومبر سے 28 نومبر تک میٹرو بس سروس محدود رہے گی۔ اس دوران راولپنڈی کے صدر اسٹیشن سے اسلام آباد کے فیض احمد فیض اسٹیشن تک میٹرو بس سروس فعال رہے گی، جبکہ 7ویں ایونیو اسٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس سروس 26 نومبر رات 10 بجے سے 28 نومبر رات 12 بج کر 30 منٹ تک معطل رہے گی۔
حکام کے مطابق میٹرو بس سروس محدود کرنے کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔ اسی دوران مذکورہ روٹ پر الیکٹرک بس سروس بھی معطل رہے گی، جس کے باعث شہریوں کو متبادل سفری انتظامات کرنا ہوں گے۔
وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی وفود کی نقل و حرکت کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں 26 نومبر شام 6 بجے سے 28 نومبر رات 12 بج کر 30 منٹ تک ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ موٹروے اور جی ٹی روڈ کے ذریعے بھی ہیوی ٹریفک کو جڑواں شہروں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ٹریفک ایڈوائزری | اسلام آباد | مورخہ 26، 27 اور 28 نومبر 2026
غیر ملکی وفود کی آمد و رفت کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں خصوصی ٹریفک انتظامات کیے جائیں گے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں 26 نومبر شام 6 بجے سے 28 نومبر رات 12:30 بجے تک ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔
موٹروے اور جی ٹی روڈ کے راستے ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی ہوگی، جبکہ فیض آباد بس ٹرمینل 26 نومبر شام 6 بجے سے 28 نومبر رات 12:30 بجے تک بند رہے گا، اسی طرح 7th ایونیو میٹرو اسٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس اور الیکٹرک بس سروس 26 نومبر رات 10 بجے سے 28 نومبر رات 12:30 بجے تک معطل رہے گی۔
مارگلہ ہلز کے ہائیکنگ ٹریلز 3 اور 5، مورخہ 27 نومبر صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک بند رہیں گے، شہریوں سے اپیل ہے کہ مذکورہ اوقات کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کریں, شہری کسی بھی قسم کی سفری دشواری سے بچنے کیلئے اپنے سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کریں۔
شہری ٹریفک کی صورتحال اور تازہ ترین سفری معلومات سے آگاہ رہنے کیلئے اسلام آباد پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا پیجز کو فالو کریں۔
#WeRIslamabadPolice
— Islamabad Police (@ICT_Police) November 25, 2026
انتظامیہ کے مطابق فیض آباد بس ٹرمینل بھی 26 نومبر شام 6 بجے سے 28 نومبر رات 12 بج کر 30 منٹ تک بند رہے گا۔ اس دوران بین الاضلاعی بسوں اور دیگر مسافر گاڑیوں کے ذریعے سفر کرنے والے شہریوں کو اپنی سفری منصوبہ بندی متبادل اوقات اور انتظامات کے مطابق کرنا ہوگی۔
دوسری جانب سکیورٹی انتظامات کے تحت مارگلہ ہلز کے ہائیکنگ ٹریلز نمبر 3 اور 5 بھی 27 نومبر کو صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک بند رہیں گے۔
انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ 26 سے 28 نومبر کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی قسم کی سفری دشواری سے بچنے کے لیے اپنے سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کریں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک کی تازہ ترین صورتحال، متبادل راستوں اور سفری پابندیوں سے متعلق معلومات کے لیے اسلام آباد پولیس کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے رابطے میں رہیں۔



