پاکستان مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخاب کے لیے مرحوم رکن قومی اسمبلی چوہدری محمود بشیر ورک کے صاحبزادے راشد بشیر ورک کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن )کے صدر نواز شریف نے راشد بشیر ورک کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ پارٹی ترجمان کے مطابق راشد بشیر ورک کو آئندہ چند روز میں باقاعدہ پارٹی ٹکٹ جاری کردیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق این اے 77 گوجرانوالہ میں ضمنی انتخاب 8 نومبر 2026 کو ہوگا، امیدوار 28 سے 30 ستمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے، کاغذات کی جانچ پڑتال 5 اکتوبر تک ہوگی جبکہ امیدواروں کو انتخابی نشانات 19 اکتوبر کو جاری کیے جائیں گے۔
محمود بشیر ورک کے انتقال سے نشست خالی ہوئی
این اے 77 گوجرانوالہ کی نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری محمود بشیر ورک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی، محمود بشیر ورک طویل علالت کے بعد 12 ستمبر کو لاہور میں انتقال کرگئے تھے۔
محمود بشیر ورک نے 2024 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر این اے 77 گوجرانوالہ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ الیکشن کمیشن کے نتائج کے مطابق انہوں نے 109,704 ووٹ حاصل کیے جبکہ آزاد امیدوار راشدہ طارق 91,825 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہی تھیں اور پیپلز پارٹی کے امیدوار امتیاز صفدر وڑائچ نے 17,059 ووٹ حاصل کیے تھے۔
ضمنی انتخاب کا انتخابی مرحلہ شروع
الیکشن کمیشن نے محمود بشیر ورک کے انتقال کے بعد نشست خالی قرار دے کر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ کاغذات نامزدگی، جانچ پڑتال، اپیلوں اور انتخابی نشانات کے اجرا کے مراحل مکمل ہونے کے بعد 8 نومبر کو این اے 77 کے ووٹرز اپنے نئے نمائندے کا انتخاب کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے راشد بشیر ورک کو امیدوار بنانے کے فیصلے کے بعد اب این اے 77 کے ضمنی انتخاب میں دیگر سیاسی جماعتوں اور ممکنہ امیدواروں کی سرگرمیاں بھی اہمیت اختیار کرگئی ہیں۔



