راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور حرمین شریفین اور سعودی عرب کی حفاظت کے لیے ہر حد تک جانے کو تیار ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے عرب نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی کے لیے پاکستان کا عزم غیر مشروط ہے جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ جذباتی، دیرینہ، تاریخی اور اٹوٹ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سعودی قیادت کے ساتھ رابطے میں ہے اور پاکستان سفارتی لحاظ سے بھی سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے جبکہ اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان اپنے عزم کی پاسداری کر رہا ہے اور عملی طور پر سعودی عرب کی مدد کے لیے وہاں موجود ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے اعلان کیا کہ سعودی عرب کے خلاف ہونے والی کسی بھی جارحیت کا دفاع کرنے کو تیار ہیں۔
افغانستان کی صورتحال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغان طالبان رجیم افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی روکے۔ تقریباً 80 فیصد خودکش بمبار افغان ہیں، جبکہ افغانستان سے پاکستان آنے والی ہر تشکیل میں افغان شہری موجود ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر افغان طالبان دوحہ معاہدے پر عمل نہیں کرتے تو پاکستان کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
بلوچستان میں دہشت گردی کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو عوامی حمایت حاصل نہیں، دہشت گردی کی سرپرستی بھارت کر رہا ہے جبکہ سوشل میڈیا بیرون ملک سے چلایا جا رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ ریاست کی پالیسی بالکل واضح ہے، دہشت گردوں سے کوئی بات چیت نہیں ہو گی۔


