مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک 89 برس کی عمر میں علالت کے باعث انتقال کر گئے۔
اہلخانہ کے مطابق محمود بشیر ورک کچھ عرصے سے کینسر کی بیماری میں مبتلا تھے اور لاہور کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔
بشیر ورک کی نماز جنازہ آج صبح ادا کر دی گئی جس کے بعد انہیں آبائی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔
مسلم لیگ (ن) اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے بشیر ورک کے انتقال پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
محمود بشیر ورک نے طویل عرصے تک ملکی سیاست میں فعال کردار ادا کیا اور انہیں مسلم لیگ ن کے سینئر ترین رہنماؤں میں شمار کیا جاتا تھا۔ وہ وفاقی وزیر قانون و انصاف کی ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے تھے۔
بشیر ورک اپنے سیاسی کیریئر کے دوران 5 مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر 2024 کے انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-77 گوجرانوالہ ون سے ایک لاکھ 9 ہزار 704 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے، ان کے مقابلے میں آزاد امیدوار راشدہ طارق نے 91 ہزار 825 اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار امتیاز صفدر وڑائچ نے 17 ہزار 59 ووٹ حاصل کیے تھے۔



