بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری دیواجیت سائیکیا نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کی دونوں ٹرافیاں ایک دن بی سی سی آئی ہیڈکوارٹر ضرور پہنچیں گی۔
ذرائع کے مطابق دونوں ٹرافیاں پاکستان میں موجود ہیں اور فی الحال کہیں نہیں جا رہیں۔ ایشیا کپ کی دونوں ٹرافیاں اے سی سی صدر محسن نقوی ہی بھارت کو دیں گے تاہم بھارت کو پہلے محسن نقوی سے ٹرافیاں وصول کرنے پر رضامندی ظاہر کرنا ہوگی۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری دیواجیت سائیکیا کا ایشیا کپ ٹرافیوں سے متعلق بیان بھی سامنے آیا ہے۔ سائیکیا نے کہا ہے کہ دونوں ٹرافیاں ایک دن ممبئی میں بی سی سی آئی کے ہیڈکوارٹر ضرور پہنچیں گی، تاہم وہ ٹرافیوں کی واپسی کے لیے کوئی ٹائم لائن نہیں دے سکتے۔
بھارت نے گزشتہ سال بھی محسن نقوی سے ٹرافی نہیں لی
ایشیا کپ ٹرافی کا تنازع نیا نہیں، گزشتہ سال بھی بھارتی مینز ٹیم نے ایشیا کپ جیتنے کے بعد اے سی سی صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی۔
2025 کے ایشیا کپ فائنل کے بعد بھارتی ٹیم کی جانب سے ٹرافی وصول نہ کرنے پر محسن نقوی ٹرافی اور فاتح ٹیم کے میڈلز اپنے ساتھ لے گئے تھے، جس پر بی سی سی آئی سیکرٹری دیواجیت سائیکیا نے ٹرافی اور میڈلز بھارت کو واپس کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
بی سی سی آئی نے اس وقت مؤقف اختیار کیا تھا کہ بھارتی ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بعدازاں سائیکیا نے کہا تھا کہ بورڈ اس معاملے کو اے سی سی اور دیگر متعلقہ فورمز پر اٹھائے گا۔
ویمنز ٹیم نے بھی اسی مؤقف کو دہرایا
رواں سال ویمنز ایشیا کپ کے فائنل میں بھی صورتحال دہرائی گئی۔ بھارت نے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا تاہم بھارتی ٹیم نے محسن نقوی کی موجودگی میں ٹرافی وصول کرنے کی تقریب میں شرکت نہیں کی۔ سری لنکن ٹیم نے رنر اپ میڈلز اور چیک وصول کیا جبکہ بھارتی کھلاڑی ٹرافی اور اپنے میڈلز لینے کے لیے اسٹیج پر نہیں آئیں۔
بی سی سی آئی سیکرٹری دیواجیت سائیکیا کے مطابق ویمنز فائنل سے قبل بھی بورڈ نے اے سی سی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا تھا کہ موجودہ حالات میں بھارتی ٹیم ٹرافی کی تقریب میں شرکت نہیں کرے گی، ان کے مطابق یہ بی سی سی آئی کا ادارہ جاتی فیصلہ تھا۔
اب دیواجیت سائیکیا نے واضح کیا ہے کہ دونوں ٹرافیاں بالآخر ممبئی میں بی سی سی آئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں واقع ہیڈکوارٹر پہنچیں گی تاہم ٹرافیوں کی واپسی کا کوئی وقت مقرر نہیں کیا گیا۔



