دبئی: ویمنز ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کے خلاف میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستان ویمن ٹیم کی کھلاڑی گل فیروزہ پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق گل فیروزہ کو ہانگ کانگ کے خلاف میچ میں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے، جس پر ان کی میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ کیا گیا، جبکہ انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دے دیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب امپائر کی جانب سے گل فیروزہ کو آؤٹ قرار دیا گیا، آؤٹ دیے جانے کے بعد پاکستانی بیٹر نے بلے کے ساتھ گیند لگنے کا اشارہ کیا، جسے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
گل فیروزہ نے امپائر کے فیصلے پر اپنے انداز میں ردعمل ظاہر کیا، تاہم آئی سی سی نے ان کے عمل کو کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے لیے مقررہ ضابطہ اخلاق کے منافی قرار دیا، خلاف ورزی کے نتیجے میں ان پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ گل فیروزہ کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کردیا گیا ہے۔ آئی سی سی کے قوانین کے تحت کھلاڑیوں کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانے اور ڈی میرٹ پوائنٹس عائد کیے جا سکتے ہیں۔
پاکستان ویمن ٹیم نے ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کے خلاف اہم کامیابی حاصل کی تھی اور اس کامیابی کے بعد ٹیم کی کارکردگی توجہ کا مرکز بنی، تاہم گل فیروزہ کے خلاف کارروائی نے بھی میچ کے بعد کی خبروں میں جگہ بنا لی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری تفصیلات میں واضح کیا گیا ہے کہ کارروائی امپائر کے فیصلے کے بعد گل فیروزہ کے ردعمل اور کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر کی گئی ہے۔



