گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد کے اندوہناک قتل کیس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
گلگت بلتستان پولیس اور حساس اداروں نے انتہائی تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگایا جس کے نتیجے میں خیبر پختونخوا پولیس نے کرم ایجنسی میں کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم رجب سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مرکزی ملزم رجب مقتول خاتون کا چچا ہے جبکہ اس اندوہناک واردات میں مبینہ طور پر 5 افراد کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
گرفتار دونوں ملزمان کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے گلگت بلتستان روانہ کر دیا گیا ہے جہاں کیس کی تفتیش کو مزید تیز کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے کرم ایجنسی میں چھاپے بھی جاری ہیں۔
یاد رہے کہ اس لرزہ خیز واردات میں میاں بیوی اور ان کے 2 کمسن بچوں کو چھریوں کے وار کرکے بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔ مقتول شوہر کا تعلق اسکردو کے علاقے روندو جبکہ مقتول خاتون کا تعلق پاراچنار سے تھا۔ جاں بحق بچوں میں 4 سالہ بیٹا اور 2 سالہ بچی بھی شامل تھے۔


