وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ اب تک 17 لاکھ شہری فیول ریلیف اسکیم میں رجسٹریشن کرواچکے ہیں، ایک ٹوکن پر 5 لیٹر پیٹرول کی حد کو ختم کر دیا گیا ہے، یکم جنوری کے بعد رجسٹرڈ موٹر سائیکل ،رکشے اور چنگ چی بھی پیٹرول ریلیف اسکیم میں رجسٹریشن کے اہل ہوں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے کہا کہ 5 لیٹر سے کم پیٹرول ڈلوانے والے موٹر سائیکل والوں کو ہفتے میں 500 روپے رعایت ملے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے موجودہ صورتحال میں عوام کے لیے خصوصی پیٹرول ریلیف پروگرام شروع کیا، 14 سے 19 ستمبر تک ساڑھے 17 لاکھ شہری اسکیم میں شامل ہوئے۔ وزیراعظم نے رجسٹریشن میسج مفت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکیم کے تحت 100 روپے فی لیٹر رعایتی نرخوں پر پیٹرول کی فراہمی ہو رہی ہے جبکہ یکم جنوری کے بعد رجسٹرڈ موٹر سائیکل ، رکشے اور چنگ چی بھی رجسٹریشن کے لیے اہل ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا اگر کوئی شہری ٹوکن کے ذریعے پیٹرول ڈلواتا ہے اور 2 لیٹر پیٹرول کی قیمت 780 روپے بنتی ہے تو اسے 500 روپے کی رعایت کے بعد صرف 280 روپے ادا کرنا ہوں گے۔ ٹوکن کی مقررہ رعایت کے تحت صارف پیٹرول پمپ پر اپنی ضرورت کے مطابق پیٹرول حاصل کر سکے گا۔
وفاقی وزیر شزا فاطمہ نے بتایا کہ 14 سے 19 ستمبر تک 17 لاکھ 50 ہزار شہری اسکیم میں رجسٹرڈ ہوئے۔
شزا فاطمہ کے مطابق اسکیم میں 91.6 فیصد رجسٹریشن دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی ہوئی، جبکہ 800 سی سی تک گاڑیوں کی رجسٹریشن کا تناسب 8.4 فیصد ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 18 ستمبر کو ایک ہی روز 5 لاکھ 11 ہزار 961 شہری رجسٹرڈ ہوئے، جو اسکیم میں رجسٹریشن کے حوالے سے مصروف ترین دن رہا۔
وفاقی وزیر کے مطابق 14 ستمبر کو فیول ریلیف اسکیم کے تحت 38 ہزار 974 رجسٹریشن ہوئیں، 15 ستمبر کو ایک لاکھ 49 ہزار 412، 16 ستمبر کو 3 لاکھ 49 ہزار 935 اور 17 ستمبر کو 3 لاکھ 85 ہزار 406 رجسٹریشن ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ 18 ستمبر کو 5 لاکھ 11 ہزار 961 شہری رجسٹرڈ ہوئے۔
شزا فاطمہ کے مطابق فیول ریلیف اسکیم کے تحت اب تک 14 لاکھ 93 ہزار 848 شہریوں کو فیول ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں۔



