اسلام آباد: اوگرا نے حکومتی پٹرولیم پرائسنگ میکنزم کے تحت 18 ستمبر 2026 کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتوں میں ردوبدل کردیا۔
پٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کے تحت ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 47 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمت 424 روپے 92 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔
اسی طرح پٹرول کی قیمت میں 43 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی ایکس ڈپو قیمت 390 روپے 79 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل عالمی مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر متعلقہ اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
پٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ حکومتی پٹرولیم پرائسنگ میکنزم کے تحت عالمی مارکیٹ کی صورتحال اور دیگر متعلقہ عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کیا جاتا ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نئی ایکس ڈپو قیمتیں 18 ستمبر 2026 سے لاگو ہوں گی۔ نئے نرخوں کے تحت پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔



