سعودی عرب کے شہر طائف میں فضا میں تباہ کیے گئے ایک ڈرون کا ملبہ گرنے سے ایک شخص ہلاک جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔
بی بی سی کے مطابق سعودی محکمہ شہری دفاع (سول ڈیفنس) نے بتایا کہ ڈرون کو فضا میں تباہ کیا گیا تاہم اس کا ملبہ طائف شہرمیں گرنے سے جانی و مالی نقصان ہوا۔
محکمہ شہری دفاع نے اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر واقعے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ملبہ گرنے کے نتیجے میں متعدد عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی سعودی پریس ایجنسی (SPA) نے دعویٰ کیا ہے کہ فضا میں تباہ کیا گیا ڈرون حوثیوں کی جانب سے داغا گیا تھا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق واقعے میں ہلاک ہونے والا شخص یمنی شہری ہے جبکہ زخمی ہونے والے دو افراد میں ایک پاکستانی شہری بھی شامل ہے۔
سعودی عرب کے شہر طائف میں ’حوثی ڈرون‘ کا ملبہ گِرنے سے ایک یمنی شہری ہلاک، پاکستانی شہری شدید زخمی
مکمل تفصیلات: https://t.co/ShNIMFNN0n https://t.co/8ubAqQjNQY— BBC News اردو (@BBCUrdu) September 17, 2026
پاکستانی شہری کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جبکہ دوسرے زخمی کی قومیت سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔


سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد اس نوعیت کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مقررہ حفاظتی اور ہنگامی اقدامات فوری طورپرنافذ کردیے گئے ہیں۔
متعلقہ اداروں کی جانب سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے جبکہ واقعے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ بھی لیا جارہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی نے ڈرون کا ملبہ گرنے سے متاثر ہونے والی عمارتوں اور گاڑیوں کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔



