لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے رواں سال کے ایڈیشن کا باقاعدہ آغاز 19 ستمبر سے ہوگا۔
گزشتہ سال پروگرام کی کامیابی کے بعد پی سی بی نے رواں سال اس کا دائرہ کار مزید وسیع کردیا ہے، جس کے تحت ملک بھر سے نوجوان کرکٹ ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے بڑے پیمانے پر سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا۔
پروگرام کے افتتاحی روزانیگوریشن ایونٹ میں بیکن ہاؤس اورایچی سن کالج کی ٹیمیں ایکشن میں ہونگی، دونوں ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچ افتتاحی تقریب کا اہم حصہ ہوگا، میچ کا ٹاس دوپہرایک بج کر30 منٹ پرہوگا جبکہ کھیل کا باقاعدہ آغازدوپہر2 بجے کیا جائیگا۔
افتتاحی ایونٹ کے اختتام پرخصوصی میوزک کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جس میں شرکا اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے تفریحی سرگرمی کا اہتمام ہوگا۔
پی سی بی کے اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے رواں سال کے ایڈیشن میں ملک کے 100 اضلاع کے 1400 اسکولوں سے تقریباً 21 ہزار طلبہ حصہ لیں گے۔
پروگرام کے تحت رواں سال مختلف اسکولوں کی ٹیموں کے درمیان مجموعی طورپر 2 ہزار 895 میچز کھیلے جائیں گے، جس کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کواپنی صلاحیتوں کے اظہارکیلئے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
پی سی بی کے مطابق اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا بنیادی مقصد اسکول کی سطح پر نئے کرکٹ ٹیلنٹ کی تلاش، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
پروگرام کے ذریعے گراس روٹ لیول پر کرکٹ کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
اس پروگرام میں گلگت سے گوادرتک ملک کے مختلف علاقوں کے اسکول شامل ہوں گے، جس سے مختلف شہروں اورعلاقوں میں موجود نوجوان کرکٹرزکواپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔
گزشتہ سال کامیاب انعقاد کے بعد رواں سال پروگرام کے وسیع دائرہ کار کے تحت نہ صرف زیادہ اسکولوں اور اضلاع کو شامل کیا گیا ہے بلکہ میچز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
اس اقدام کے ذریعے اسکول کرکٹ کو نچلی سطح پر مزید فروغ دینے اور مستقبل کے باصلاحیت کرکٹرز کو تلاش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
پی سی بی اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت سامنے آنے والے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور کرکٹ کے اگلے مراحل تک پہنچنے کے مواقع میسر آئیں گے جبکہ ملک کے مختلف علاقوں میں اسکول کرکٹ کی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔



