حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا ہے، پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں کمی کر دی گئی ہے۔
اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 318 روپے ہو گئی ہے، ڈیزل 4 روپے سستا ہوکر 353 روپے فی لیٹر ہوگیا، نئی قیمتوں کا اطلاق 25 نومبر سے ہوگا۔
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو معمولی ریلیف ملنے کا امکان ہے، نئی قیمتوں کے مطابق پیٹرول 319 روپے سے کم ہوکر 318 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل 357 روپے سے کم ہوکر 353 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مارچ کے مہینے میں اضافہ ہونا شروع ہوا تھا اور تین اپریل کو پیٹرول کی قیمت 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔
بعد ازاں 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے پیٹرول ریلیف اسکیم کا اعلان کیا تھا، تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے پڑنے والے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔
اس سے قبل 17 جولائی کو وزیر پیٹرولیم نے اعلان کیا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان خلیج فارس میں دوبارہ کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر اب ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ مقرر کی جائیں گی۔



