پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا آفیشل ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے۔ ریلیز کے لیے ریڈ کارپیٹ تقریب کراچی میں منعقد ہوئی جس میں ہم نیٹ ورک کی بانی و چیئرپرسن سلطانہ صدیقی، چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) درید قریشی، سیریز کی ہدایت کار مومنہ درید، مصنفہ فرحت اشتیاق، سریز کی کاسٹ، شوبز ستاروں اور مختلف شخصیات نے شرکت کی۔
ٹریلر لانچ کی تقریب کراچی کے موہٹہ پیلس میں منعقد ہوئی جہاں اسٹار کاسٹ میں سے فواد خان، صنم سعید، احد رضا میر، اقرا عزیز، حمزہ علی عباسی، احمد علی اکبر اور دیگر ستارے اس تقریب کا حصہ بنے۔
’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا ہر کردار ناظرین کے دلوں میں جگہ بنائے گا، مومنہ درید
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی ڈائریکٹر مومنہ درید نے اداکارہ مائرہ خان کی غیر موجودگی پر انہیں یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے لیے بیٹی جیسی ہیں اور انہیں آج ان کی کمی شدت سے محسوس ہو رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیریز میں ان کے بیٹے شایان نے بھی بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کیا ہے۔ تاہم وہ اس وقت کینیڈا کے ایک بورڈنگ اسکول میں زیرِ تعلیم ہونے کی وجہ سے تقریب میں شریک نہیں ہو سکے ہیں۔ ان کے مطابق شایان بھی تقریب میں شرکت نہ کرنے پر بہت افسردہ تھے۔
مومنہ درید نے مصنفہ فرحت اشتیاق کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تخلیقی صلاحیتوں کی کوئی حد نہیں۔ ان کے لکھے ہوئے کرداروں کو پڑھ کر ان کی نفسیات اور شخصیت کو سمجھنے کا دل کرتا ہے۔ وہ اپنے کرداروں کو اس خوبصورتی سے لکھتی ہیں کہ پڑھنے والے ان سے جڑ جاتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا ہر کردار بھی دنیا بھر کے ناظرین کے دلوں میں جگہ بنائے گا۔ مومنہ درید نے فرحت اشتیاق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں نہ صرف ایک بہترین دوست اور باصلاحیت مصنفہ بلکہ ملک کا قیمتی اثاثہ بھی قرار دیا۔
انہوں نے سیریز میں کام کرنے والے اداکاروں کے نام الگ الگ نہ لینے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ان فنکاروں کو سب جانتے ہیں۔ ایک ایک چہرہ ملک کا معروف چہرہ ہے، ہر کوئی ایک دوسرے سے بڑا اسٹار ہے۔ اس سیریز میں اتنے بڑے ستاروں کی موجودگی ان کے لیے باعثِ فخر ہے اور وہ ان سب کی شکر گزار ہیں جن کے تعاون کے بغیر یہ منصوبہ مکمل نہیں ہو سکتا تھا۔
مومنہ درید نے اپنی ٹیم کا ذکر کرتے ہوئے ایسوسی ایٹ پروڈیوسر مناہل کو خصوصی طور پر سراہا اور کہا کہ وہ ان کے لیے ذہنی سکون کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مناہل نے اس منصوبے کے دوران ان کا بھرپور ساتھ دیا اور رات گئے تک کام کیا۔
انہوں نے اپنے بیٹے شاہ زین درید کا بھی تعارف کرایا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سیریز کے تمام فنکاروں نے بہترین کام کیا ہے، فواد خان
تقریب میں شریک سپر اسٹار فواد خان نے کہا کہ ہم نیٹ ورک پر معیاری تفریح پیش کرنے والے خاندان نے اس بار ایک شاندار منصوبہ پیش کیا ہے جسے وہ ایک انتہائی شاندار اور دلکش پیشکش قرار دیں گے۔
ان کے بقول وہ آنے والے دنوں میں اسے ناظرین کے ساتھ شیئر کرنے کے منتظر ہیں۔
پاکستانی ڈراموں کے مستقبل سے متعلق سوال پر فواد خان کا کہنا تھا کہ فی الحال تو سب کی توجہ ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پر ہے، جو 4 دسمبر کو ریلیز ہو رہی ہے اور ناظرین اسے ضرور دیکھیں۔
اپنے کردار کے ریڈ اور گرین فلیگز کے بارے میں سوال پر فواد خان نے کہا کہ ان کے کردار میں تین گرین فلیگز اور تین ریڈ فلیگز ہیں۔ تاہم اگر انہوں نے ابھی سب کچھ بتا دیا تو کہانی کا سسپنس ختم ہو جائے گا اور مومنہ درید ان سے ناراض ہو جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ سیریز کے تمام فنکاروں کو دیکھنے کے لیے پُرجوش ہیں اور سب نے بہترین کام کیا ہے۔ ان کے بقول ٹریلر دیکھنے کے بعد ناظرین سمجھ جائیں گے کہ وہ ایسا کیوں کہہ رہے ہیں۔
میرا کردار کافی پیچیدہ ہے، احد رضا میر
کاسٹ میں شامل مشہور اداکار احد رضا میر نے سیریز کے حوالے سے جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیریز میں توقعات سے بڑھ کر بہت کچھ ہے اور جاننے کے لیے بہت سے پہلو موجود ہیں۔
احد رضا میر کا کہنا تھا کہ ان کا کردار کافی پیچیدہ ہے، اس لیے اس میں بہت سے ریڈ اور گرین فلیگز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر اپنی بات کریں تو وہ خود کو نہیں بلکہ سیریز کی پوری کاسٹ کو نمایاں سمجھتے ہیں، جس میں فواد خان، حمزہ علی عباسی، ماہرہ خان، اقرا عزیز، خوشحال خان اور ہانیہ عامر جیسے انڈسٹری کے بہترین فنکار شامل ہیں۔
احد رضا میر کے مطابق سیریز کے تمام فنکاروں نے بہترین کام کیا ہے اور ناظرین کو اس میں کئی حیرت انگیز چیزیں دیکھنے کو ملیں گی۔
سیریز میں لیزا کا کردار ادا کرنے والی پاکستانی اداکارہ اقرا عزیز نے کہا کہ ان کے کردار میں کوئی ریڈ فلیگ نہیں بلکہ وہ بھی ایک عام انسان ہے اور ناظرین کو لیزا کو اسی نظر سے دیکھنا چاہیے۔
قرا عزیز نے سیریز کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے لیے اطالوی زبان میں مکالموں کی ادائیگی قدرے مشکل مرحلہ تھا، جس کے لیے انہوں نے تقریباً دو ماہ تک آن لائن اطالوی زبان کا کورس کیا اور باقاعدگی سے مشق بھی کی۔
ان کے مطابق وہ لہجے اور تلفظ کے معاملے میں خود کو صنم سعید جتنا اچھا نہیں سمجھتیں۔ تاہم اپنے چند مکالموں کو حتیٰ الامکان فطری انداز میں ادا کرنا چاہتی تھیں جس کے لیے انہیں کافی محنت کرنا پڑی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اٹلی میں شوٹنگ کے دوران مناہل اور وہاں موجود پوری ٹیم نے ان کی بھرپور مدد کی جس پر وہ ان سب کی شکر گزار ہیں۔
پاکستان کے لیے ایک راہ کھلی ہے، سلطانہ صدیقی
ٹریلر لانچ کی تقریب کے موقع پر بانی و چیئرپرسن ہم نیٹ ورک سلطانہ صدیقی نے کہا کہ ہمارے ڈرامے بہت اچھے رہے ہیں، پوری دنیا دیکھتی رہی ہے اور اسی کی وجہ سے نیٹ فلکس نے ہمیں منتخب کیا۔ انہیں اس پر خوشی ہے لیکن اس سے زیادہ وہ سمجھتی ہیں کہ پاکستان اور اس کے لیے ایک راہ کھلی ہے۔
سلطانہ صدیقی نے کہا کہ جب یہ سیریز 190 ممالک میں جائے گی تو ہمارا کلچر، ہماری چیزیں، ہماری کہانیاں لوگ سنیں گے، دیکھیں گے۔ لوگوں نے پہلے بھی سراہا ہے اور آگے بھی سراہیں گے۔
انہوں نے سیریز کی مصنفہ فرحت اشتیاق اور تخلیق و ہدایت کار مومنہ درید کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں سے میرا پیار اور رشتہ ہے۔
چیئرپرسن کا مزید کہنا تھا کہ نئے فنکار جیسے شاہ زین اور شایان درید آرہے ہیں۔ وہ بھی بڑے فنکار بنیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں سلطانہ صدیقی کا کہنا تھا کہ نیٹ فلکس پر اس سیریل کے چلنے پر پُرجوش ہوں۔ اس کے علاوہ دنیا میں یہ دیکھا جائے گا اور پاکستان کا نام ہوگا اس کے لیے پُرجوش ہوں۔
سلطانہ صدیقی کا کہنا تھا کہ اس سے ہماری راہیں کھلیں گے۔ ہمارا ڈرامہ اچھا ہوتا ہے لیکن ہم مزید بہتر بنانے پر کام کرتے رہیں گے۔
سیریز 191 ممالک میں پیش کی جائے گی، درید قریشی
اس سے قبل سی ای او ہم نیٹ ورک درید قریشی کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر اس سیریز کو 80 ممالک میں لانچ کرنے کا منصوبہ تھا، لیکن اب یہ 191 ممالک میں پیش کی جائے گی۔
