وفاقی حکومت اور تمام صوبوں نے شوگر سیکٹر میں اصلاحات کے لیے شوگر ڈی ریگولیشن پالیسی پر عمل درآمد پر اتفاق کرلیا ہے، جبکہ وفاقی کابینہ سمیت تمام صوبائی حکومتوں نے نئی پالیسی کی منظوری بھی دے دی ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق نئی پالیسی کے تحت شوگر سیکٹر کو حکومتی کنٹرول سے نکال کر مسابقتی اور مارکیٹ پر مبنی نظام کی جانب منتقل کیا جائے گا۔ پالیسی تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور صوبائی حکومتوں کو اعتماد میں لے کر تیار کی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نئی پالیسی کا بنیادی مقصد شوگر سیکٹر میں غیر ضروری پابندیوں کا خاتمہ، کاروباری مواقع میں اضافہ، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور آزادانہ مسابقت کو فروغ دینا ہے۔
نئی پالیسی کے تحت گنے کے کاشتکاروں کو اپنی فصل کسی بھی شوگر مل یا خریدار کو فروخت کرنے کی آزادی حاصل ہوگی، جبکہ گنے کی قیمت کا تعین حکومتی مقرر کردہ نرخوں کے بجائے مارکیٹ میکنزم کے تحت کیا جائے گا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے کاشتکاروں کو اپنی پیداوار کے بہتر نرخ حاصل کرنے اور مختلف خریداروں کے درمیان انتخاب کے زیادہ مواقع میسر آئیں گے۔
اس کے علاوہ شوگر ملوں کے قیام اور ان کی پیداواری صلاحیت کی منظوری سے متعلق پابندیاں بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت شوگر ملیں مارکیٹ کی طلب اور حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی پیداواری صلاحیت اور کاروباری فیصلے خود کرسکیں گی۔
چینی کی برآمد پر سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ
اعلامیے کے مطابق حکومت نے چینی کی برآمد پر سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ چینی کی درآمد اور برآمد کے لیے شفاف اور قابل پیش گوئی طریقہ کار متعارف کرایا جائے گا۔
نئی پالیسی کے تحت ملک بھر میں چینی کی بین الصوبائی نقل و حرکت بھی آسان بنائی جائے گی تاکہ کسی صوبے سے دوسرے صوبے میں چینی کی ترسیل میں غیر ضروری رکاوٹیں پیدا نہ ہوں۔
حکومت کے مطابق ان اقدامات سے چینی کی تجارت میں شفافیت بڑھے گی اور شوگر سیکٹر کو عالمی منڈی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی۔
شوگر سیکٹر میں سرمایہ کاری اور صنعتی مسابقت کا فروغ
نئی پالیسی کے تحت شوگر انڈسٹری میں نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے ریگولیٹری رکاوٹیں ختم کی جائیں گی۔
کاشتکاروں اور شوگر ملوں کے لیے قرضوں تک رسائی آسان بنانے کے اقدامات بھی شامل ہیں، جبکہ زرعی پیداوار اور کارکردگی بڑھانے کے لیے فارم میکانائزیشن اسکیموں کو فروغ دیا جائے گا۔
حکومت کی جانب سے ایتھنول بلینڈنگ کو لازمی قرار دینے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے، جس کا مقصد توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینا اور شوگر انڈسٹری کے ضمنی پیداواری شعبوں کو ترقی دینا ہے۔
شوگر ڈی ریگولیشن پالیسی کا پس منظر
پاکستان میں شوگر سیکٹر طویل عرصے سے حکومتی ضابطوں اور پالیسی کنٹرول کے تحت کام کرتا رہا ہے۔ حکومتیں گنے کی امدادی یا کم از کم قیمت مقرر کرنے، شوگر ملوں کے قیام اور ان کی پیداواری صلاحیت، کرشنگ سیزن کے آغاز، چینی کی ذخیرہ اندوزی، بین الصوبائی نقل و حرکت اور درآمد و برآمد کے معاملات میں مداخلت کرتی رہی ہیں۔
اس نظام میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اختیارات، کاشتکاروں اور شوگر مل مالکان کے مفادات کے درمیان اختلافات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ خصوصاً گنے کی قیمت، شوگر ملوں کی جانب سے ادائیگیوں میں تاخیر، چینی کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کے معاملات اکثر تنازعات کا سبب بنتے رہے ہیں۔
پاکستان میں چینی کی قیمتوں میں اضافے اور قلت کے خدشات کے باعث حکومتیں مختلف اوقات میں چینی کی درآمد، برآمد پر پابندیوں اور سبسڈی جیسے اقدامات کرتی رہی ہیں۔ بعض مواقع پر چینی کی برآمد کی اجازت دینے کے بعد مقامی مارکیٹ میں قیمتوں اور دستیابی کے مسائل بھی زیر بحث آئے۔
حکومت نے شوگر سیکٹر کو سرکاری انتظامی کنٹرول سے نکال کر مارکیٹ پر مبنی نظام میں منتقل کرنے کے لیے ڈی ریگولیشن پالیسی تیار کی ہے۔ اس پالیسی کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ حکومتی مداخلت کم ہونے سے سرمایہ کاری بڑھے گی، کاشتکاروں کو اپنی فصل کے بہتر خریدار ملیں گے اور صنعت میں مسابقت پیدا ہوگی۔



