پشاور: خیبرپختونخوا میں ڈرائیونگ لائسنس کے نظام کو جدید بنانے کے لیے پولیس نے صوبے بھر میں ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت متعارف کرا دی۔
خیبر پختونخوا ٹریفک پولیس نے اعلان کیا ہے کہ نئے نظام کے تحت شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی ہارڈ کاپی ہر وقت ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ شہری موبائل فون کے ذریعے متعلقہ ایپ پر اپنا شناختی کارڈ نمبر درج کرکے چند لمحوں میں اپنا ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکیں گے۔
پشاور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ موبائل فون پر موجود ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کو قابل قبول قانونی دستاویز کے طور پر تسلیم کیا جائے۔ اس سہولت کے باعث شہریوں کو صرف ڈیجیٹل لائسنس پیش کرنے پر جرمانے کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
چیف ٹریفک آفیسر پشاور ڈاکٹر محمد زاہد کے مطابق ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا ٹریفک پولیس کے نظام میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی جانب اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید ڈیجیٹل نظام سے شہریوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس تک رسائی آسان ہو گی جبکہ ٹریفک سے متعلق خدمات کو مزید سہل اور جدید بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے تین ماہ قبل ڈرائیونگ لائسنس کے لیے ڈیجیٹل لائسنس مینجمنٹ سسٹم کا بھی افتتاح کیا تھا۔ جس میں ان کا کہنا تھا کہ نئے نظام کے تحت ڈرائیورنگ لائسنس کے اجرا کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے۔


