انڈونیشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انڈونیشین نیوی چیف کی نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیاجبکہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ملاقات میں دونوں بحری افواج کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا، پاکستان اور انڈونیشیا نے تربیتی پروگراموں، باہمی دوروں اور مشترکہ بحری مشقوں کے ذریعے بحری تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انڈونیشین نیوی چیف نے علاقائی بحری سلامتی کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا اور سمندری راستوں کے تحفظ اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو قابل قدر قرار دیا۔
دورے کے دوران ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے کراچی میں پاک بحریہ کے فیلڈ کمانڈرز سے بھی ملاقات اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔
انڈونیشین نیوی چیف نے کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے منیجنگ ڈائریکٹر سے بھی ملاقات کی، جہاں بحری جہازوں کی تعمیر اور دفاعی و بحری شعبے سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔
ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹ اور جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کا دورہ بھی کیا اور پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور میری ٹائم سیکیورٹی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ انڈونیشین نیوی چیف کا دورہ پاکستان پاک بحریہ اور انڈونیشین نیوی کے درمیان دفاعی و بحری تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط اور اشتراک کو مزید فروغ ملے گا۔



