پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 3 سے 5 ستمبر کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں کامیاب آپریشنز، فورسز اور خوارجیوں کے درمیان ہونے والی متعدد جھڑپوں میں بھارتی حمایت یافتہ ‘فتنہ الخوارج’ سے تعلق رکھنے والے اکیس خوارجی ہلاک کر دیئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے بعد علاقے میں چھپے ہوئے مزید دس خوارجیوں کو ہلاک کیا گیا، اس کے ساتھ ہی دراندازی کی کوشش کرنے والے اور سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مؤثر طریقے سے ہلاک ہونے والے خوارجیوں کی کل تعداد پچیس ہو گئی۔
شمالی وزیرستان میں ہی ایک اور جھڑپ کے دوران سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے ساتھ خوارجیوں کے ایک اور گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا، سکیورٹی فورسز کی ماہرانہ کارروائی کے نتیجے میں سات خوارجی ہلاک کر دیے گئے۔
دریں اثناء مشترکہ آپریشنز کے دوران کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں دو مختلف جھڑپوں میں مزید چار خوارجیوں کو بھی مؤثر طریقے سے ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر پیش آنے والے ان مسلسل واقعات نے ایک بار پھر پاکستان کے اس مؤقف کی تصدیق کی ہے کہ افغان طالبان حکومت، اپنی سرپرستی میں کام کرنے والی دہشت گرد تنظیم کو سرحد پار دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال کرنے سے روکنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔
افغان طالبان حکومت سرحد کے مؤثر انتظام کو یقینی بنانے اور دہشت گردی کے خلاف اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں مسلسل ناکام رہی ہے۔
پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع کے اپنے عزم پر ثابت قدم اور غیر متزلزل ہیں، علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ خوارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز کیے جا رہے ہیں، وژن ‘عزمِ استحکام’ کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
صدرِ مملکت کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں خوارج کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں سکیورٹی فورسز کی مؤثر اور بروقت کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا اور سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائیں گے،پاکستان کی سرحدوں کا دفاع اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے۔
صدرِ مملکت نے افغان عبوری حکومت پر پھر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔
سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں،وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں کامیاب کارروائیوں کے دوران 21 دہشتگردوں کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے،
انہوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوتے کہا کہ سکیورٹی فورسز بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں،قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔


