سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ اور فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے کیمرون او ریلی سے دوسری شادی کرلی۔
ڈیلی میل نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ جمائما گولڈ اسمتھ نے ہفتے کے اختتام پر کیمرون اوریلی کے ساتھ شادی کی جس کی تصدیق جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ نے بھی کی ہے۔
جمائما گولڈ اسمتھ کی عمر 52 سال جبکہ ان کے شوہر کیمرون او ریلی کی عمر 62 سال ہے۔ کیمرون آئرش آسٹریلوی شہری ہیں اور وہ معروف میڈیا شخصیت اور سابق رگبی اسٹار سر انتھونی او ریلی کے بیٹے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جمائما اور کیمرون کی منگنی رواں سال مئی میں سامنے آئی تھی۔ دونوں کے درمیان تقریباً ایک سال سے تعلق قائم تھا۔
جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ نے گزشتہ رات جوڑے کی شادی کی تصدیق کی جبکہ ان کی اہلیہ جمائما جونز نے آن لائن پیغام میں اسے خوشی کا دن قرار دیا۔
View this post on Instagram
جمائما اور کیمرون کی ملاقات اس وقت ہوئی جب کیمرون متعدد ڈاکیومنٹریز اور فلموں میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر کام کررہے تھے۔ دونوں پہلے دوست بنے اور بعد میں ان کی دوستی رومانوی تعلق میں تبدیل ہوگئی۔
جمائما کے ایک قریبی دوست نے اس سے قبل بتایا تھا کہ دونوں ایک دوسرے کو کافی عرصے سے جانتے تھے۔ ان کی ملاقات کام کے سلسلے میں ہوئی تھی اور رومانوی تعلق سے پہلے وہ کچھ عرصے تک دوست رہے۔
ذرائع کے مطابق کیمرون انتہائی نجی زندگی پسند شخصیت ہیں اور جمائما بھی ان کی نجی زندگی کا تحفظ کرنا چاہتی ہیں۔کیمرون او ریلی کے چار بچے ہیں جبکہ جمائما کے سابق وزیراعظم عمران خان سے دو بیٹے، سلیمان اور قاسم ہیں۔
جمائما اور عمران خان کی شادی
جمائما گولڈ اسمتھ نے سابق پاکستانی وزیراعظم اور کرکٹ لیجنڈ عمران خان سے شادی کی تھی۔ دونوں کی شادی 1995 میں ہوئی تاہم 9 سالہ ازدواجی زندگی کے بعد 2004 میں ان کی علیحدگی ہوگئی۔
جمائما اور عمران خان کے دو بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں۔ طلاق کے بعد بھی جمائما کے عمران خان کے ساتھ تعلقات اور ان کے بچوں سے متعلق معاملات عالمی میڈیا میں زیر بحث رہے ہیں۔
جمائما نے بعد ازاں اداکار ہیو گرانٹ، کامیڈین رسل برانڈ اور ’دی کراؤن‘ کے اسکرپٹ رائٹر پیٹر مورگن سمیت معروف شخصیات کے ساتھ تعلقات رکھے۔
کیمرون اوریلی کا کاروباری پس منظر
کیمرون او ریلی نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور اپنے والد کے میڈیا کاروبار، انڈیپنڈنٹ نیوز اینڈ میڈیا میں تقریباً ایک دہائی تک کام کیا۔
بعد میں انہوں نے آسٹریلوی گروپ اے پی این نیوز اینڈ میڈیا میں بھی خدمات انجام دیں اور 2000 میں چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے الگ ہوگئے۔
2003 میں کیمرون نے نجی ایکویٹی فنڈ ’بیارڈ کیپیٹل‘ قائم کیا۔ انہوں نے سوئس میٹرنگ کمپنی لینڈس اینڈ گیر خریدی اور اس کے چیف ایگزیکٹو کے طور پر بھی کام کیا۔2011 میں یہ کمپنی جاپانی کمپنی توشیبا کو 2.3 ارب ڈالر میں فروخت کردی گئی۔
جمائما گولڈ اسمتھ کی عمران خان کیلئے حمایت
جمائما گولڈ اسمتھ اپنے سابق شوہر عمران خان کی رہائی کیلئے بھی آواز اٹھاتی رہی ہیں۔ عمران خان 2023 سے جیل میں ہیں اور کرپشن کے الزامات میں قید ہیں جن کی وہ سختی سے تردید کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان کو گزشتہ سال دسمبر میں مزید مقدمات میں سزائیں بھی سنائی گئی تھیں جبکہ ان کا مؤقف ہے کہ ان کے خلاف مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے ہیں۔
گزشتہ ماہ عمران خان کے وکلا نے ان کی صحت خراب ہونے کی اطلاع دی تھی اور جیل کے حالات کو ’سخت‘ قرار دیا تھا۔ ان کی صحت سے متعلق معاملے پر سپریم کورٹ کی مداخلت بھی ہوئی جس کے بعد انہیں مختصر طور پر سرکاری اسپتال لے جایا گیا، جہاں انہیں دوبارہ جیل منتقل کرنے کیلئے صحت مند قرار دیا گیا۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ عمران خان کی دائیں آنکھ کی بینائی خون کے لوتھڑے کے باعث 85 فیصد تک متاثر ہوئی ہے۔
جمائما اور عمران خان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم نے بھی عمران خان کی رہائی کیلئے آواز اٹھائی ہے۔ دونوں نے برطانوی حکومت پر مناسب حمایت فراہم نہ کرنے کا الزام عائد کیا اور وزیراعظم اینڈی برنہم سے اس معاملے پر بات کرنے کی امید ظاہر کی ہے۔
جمائما کی دوسری شادی ان کی والدہ لیڈی اینابیل گولڈ اسمتھ کے انتقال کے تقریباً ایک سال بعد ہوئی ہے۔ لیڈی اینابیل لندن کے معروف سماجی حلقوں میں نمایاں مقام رکھتی تھیں، جبکہ جمائما کے والد ارب پتی کاروباری شخصیت سر جیمز گولڈ اسمتھ 1997 میں انتقال کرگئے تھے۔




