پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرول اور ڈیزل کے بعد مٹی کا تیل اورلائٹ ڈیزل آئل بھی مہنگا کردیا جبکہ طیاروں کے ایندھن جیٹ فیول کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مٹی کا تیل 17 روپے 35 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل 12 روپے 49 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا ہے ۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد مٹی کا تیل 324 روپے 35 پیسے،لائٹ ڈیزل آئل 279 روپے 55 پیسے فی لیٹر ہو گیا ، دوسری جانب طیاروں کے ایندھن جیٹ فیول کی قیمت 309 روپے 35 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ،اطلاق کل 14 ستمبر تک ہوگا۔
یاد رہے اس سے قبل پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 2 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 375 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 28 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 403 روپے 32 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 12 ستمبر سے ہوگا اور یہ قیمتیں 14 ستمبر تک نافذ العمل رہیں گی۔
خام تیل کی قیمتیں
رائٹرز کے مطابق 11 ستمبر کو برینٹ خام تیل کی قیمت 3.02 ڈالر کمی کے بعد 104.61 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی، جبکہ امریکی خام تیل WTI تقریباً 99.18 ڈالر فی بیرل تک آگیا تاہم ہفتہ وار بنیاد پر تیل کی قیمتوں میں 8 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی، آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملوں اور تیل کی ترسیل میں ممکنہ رکاوٹوں کے باعث عالمی منڈی میں سپلائی کے خدشات برقرار ہیں۔ آج آبنائے ہرمز میں ایک اور بحری جہاز کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاع نے تیل کی عالمی سپلائی کے حوالے سے تشویش مزید بڑھا دی ہے۔
بین الاقوامی توانائی ایجنسی (IEA) نے بھی خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع اور خلیجی خطے میں سپلائی کی رکاوٹوں کے باعث 2026 میں عالمی تیل کی سپلائی میں یومیہ 5.7 ملین بیرل کمی کا امکان ہے۔

