آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ستمبر 2026 کیلئے ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا، جس کے تحت ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 4 روپے 33 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔
اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق ستمبر کیلئے ایل پی جی کی نئی صارف قیمت 258 روپے 65 پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے جبکہ اگست میں ایل پی جی کی قیمت 254 روپے 32 پیسے فی کلو تھی۔
نئی قیمتوں کے تحت 11.8 کلوگرام کے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 3 ہزار 52 روپے 9 پیسے مقرر کی گئی ہے جو گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 51 روپے 17 پیسے زیادہ ہے۔
اوگرا کے مطابق ایل پی جی کی صارف قیمت 2 لاکھ 58 ہزار 651 روپے 52 پیسے فی ٹن مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی پروڈیوسر پرائس میں بھی 4 ہزار 336 روپے 17 پیسے فی ٹن اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ستمبر کیلئے پروڈیوسر پرائس 2 لاکھ 17 ہزار 351 روپے 52 پیسے فی ٹن مقرر ہوگئی ہے۔
ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم ستمبر 2026 بروز منگل سے ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی عالمی توانائی منڈی میں اتار چڑھاؤ اور خطے کی کشیدہ صورتحال سے متاثر ہو رہی ہیں۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود عوام پر مکمل بوجھ منتقل کرنے کے بجائے اربوں روپے کی سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔ وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کے مطابق حکومت نے عوام کو پیٹرولیم مصنوعات پر 130 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے۔
یوں ستمبر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں تازہ اضافہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب عالمی توانائی منڈی میں غیر یقینی صورتحال کے باعث پاکستان میں ایندھن کی قیمتیں بھی دباؤ کا شکار ہیں۔


