تہران: پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں امریکی خودکار آبدوز قبضے میں لینے کا دعویٰ کر دیا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کی نیوی نے آبنائے ہرمز کے داخلی راستے پر ایک امریکی بغیر پائلٹ آبدوز قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی خودکار آبدوز آبنائے ہرمز میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھی، جسے ایرانی فورسز نے اپنے قبضے میں لے لیا۔
واضح رہے کہ یہ دعویٰ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور خطے میں بحری آمدورفت بھی متاثر ہوئی ہے۔
امریکہ کی جانب سے اس دعوے کی فوری طور پر تصدیق سامنے نہیں آئی۔ اس سے قبل امریکی حکام ایرانی جانب سے امریکی بغیر پائلٹ بحری اثاثے کو نشانہ بنانے کے دعوے کی تردید کر چکے ہیں۔
دو روز قبل ایرانی پاسداران انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے آبنائے ہرمز میں امریکی بحریہ کے ایک بغیر پائلٹ، ریموٹ سے چلنے والے بحری جہاز کو نشانہ بنایا ہے تاہم امریکی حکام کی جانب سے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی گئی۔
پاسداران انقلاب نے حملے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی بغیر پائلٹ بحری جہاز آبنائے ہرمز کے ایک محفوظ علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاسداران انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا تھا کہ آبنائے ہرمز میں غیر مجاز راستوں سے گزرنے والے تین آئل ٹینکروں اور دیگر علاقوں میں موجود تین امریکی بحری جہازوں سے منسلک اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
ایران نے ان کارروائیوں کو امریکی افواج کی جانب سے تین ایرانی آئل ٹینکروں پر کیے گئے حملوں کا جواب قرار دیا ہے۔



