روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں یوکرین جنگ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
روسی صدارتی دفتر کریملن کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔
روسی صدارتی دفتر کے مطابق بات چیت کے دوران امریکی وفد کے روس کے دورے سمیت یوکرین میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ممکنہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر پیوٹن نے امریکی ہم منصب کو یوکرین جنگ رکوانے اورتنازع کے حل کے لیے ممکنہ اقدامات سے آگاہ کیا۔
کریملن کے مطابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی توجہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کے معاملے پر مرکوز ہے جبکہ دونوں رہنماؤں نے جنگی قیدیوں کے تبادلے کے معاملے پر بھی گفتگو کی۔
ٹیلی فونک رابطے میں روس اورامریکا کے درمیان جاری سفارتی کوششوں اور یوکرین تنازع کے ممکنہ حل پر بھی بات چیت ہوئی۔
روسی صدارتی دفترنے گفتگو کی مزید تفصیلات جاری نہیں کیں تاہم ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی بات چیت کو دونوں ممالک کے درمیان یوکرین جنگ کے معاملے پر رابطوں کے تناظر میں اہم قراردیا جا رہا ہے۔
دونوں صدور کے درمیان یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب یوکرین جنگ بندی اور تنازع کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔


