”بس میں یہی کہنا چاہتا ہوں کہ اگر میں کسی کی مدد کرنا چاہتا ہوں تو میں اسے ذاتی طور پر بتاؤں گا، مطلب آپ پوری دنیا کے سامنے تجویز دیں گے تو پھر میرے نزدیک اس کی کوئی ویلیو نہیں ہے۔“
یہ بھارت کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی کے جملے ہیں، انہوں نے یہ بات کچھ عرصے قبل ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی تھی۔ مگر ان کا یہ ویڈیو کلپ آج بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا جارہا ہے۔ اس ویڈیو کلپ کا تناظر سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف کی جانب سے حال ہی میں قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی تکنیک پر کی جانے والی تنقید ہے۔
محمد یوسف نے یکم نومبر کو ایکس پر ایک ٹوئٹ کی تھی جس میں انہوں نے قائد اعظم ٹرافی کے میچوں میں بابر اعظم کی کارکردگی پر سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے ان کی تکنیک پر سوالات اٹھائے تھے۔
I don’t think #BabarAzam should be playing first class cricket until he fixes his technical issues through specialized coaching. Struggling in domestic cricket could further harm his confidence and career. Send him to an academy in #England or #Australia. He is still Pakistan’s top player, and with the right guidance and a little effort, he can return to his best. I said this four years ago, and nobody listened. Please listen now 🙏
— Mohammad Yousaf (@yousaf1788) November 1, 2026
ان کا کہنا تھا کہ ”میرا نہیں خیال کہ بابر اعظم کو اس وقت تک فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنی چاہیے جب تک وہ خصوصی کوچنگ کے ذریعے اپنی تکنیکی خامیوں کو دور نہیں کر لیتے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل مشکلات کا سامنا ان کے اعتماد اور کیریئر کو مزید نقصان پہنچا سکتا ہے۔“
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ”انہیں (بابر اعظم کو) انگلینڈ یا آسٹریلیا کی کسی اکیڈمی بھیجا جانا چاہیے۔ وہ اب بھی پاکستان کے بہترین کھلاڑی ہیں اور درست رہنمائی اور تھوڑی سی محنت سے دوبارہ اپنی بہترین فارم میں واپس آ سکتے ہیں۔ میں نے یہ بات چار سال پہلے بھی کہی تھی، لیکن کسی نے توجہ نہیں دی۔ براہِ کرم اب تو میری بات سن لیں۔“
گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم سے ایک رپورٹر نے سوال پوچھا کہ ”محمد یوسف نے آپ کی تکنیک پربارہا اعتراض کیا ہے اور سوشل میڈیا پر پوسٹ بھی کی تھی، کیا انہوں نے آپ سے کوئی رابطہ کیا ہے؟“
جس کے جواب میں بابر اعظم نے کہا کہ اگر وہ (محمد یوسف) ان سے رابطہ کریں گے تو وہ ضرور ان سے سیکھیں گے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پریس کانفرنس میں محمد یوسف کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان سے کوئی رابطہ نہیں ہوا اور جو کچھ کہا گیا وہ سوشل میڈیا پر کہا گیا۔ بابر نے کہا کہ اگر محمد یوسف رابطہ کریں گے تو وہ ان سے ضرور سیکھیں گے۔ https://t.co/nSMh7OtTyZ
— HUM News اردو (@humnews_urdu) November 8, 2026
بابر اعظم نے کہا کہ اب تک محمد یوسف سے ان کا براہ راست کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ وہ شاید سوشل میڈیا پر یا کسی اور ذریعے سے اس بارے میں بات کر رہے ہوں، لیکن ان سے ذاتی طور پر کوئی بات نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ محمد یوسف لیجنڈ ہیں اور پاکستان کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔ اگر وہ ان سے رابطہ کریں گے تو وہ ضرور ان سے سیکھیں گے۔
اپنے آؤٹ ہونے کے انداز سے متعلق بابر اعظم نے کہا کہ ضروری نہیں کہ کوئی بلے باز ہر مرتبہ ایک ہی انداز سے آؤٹ ہو، بعض اوقات مختلف گیندوں اور مختلف وجوہات کی بنا پر بھی وکٹ گرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کھیل کا حصہ ہے اور جب بھی وہ آؤٹ ہوتے ہیں تو زیادہ تر انہیں اپنی ہی غلطی محسوس ہوتی ہے۔ ہر کھلاڑی اپنی کارکردگی اور غلطی کو اپنے انداز سے دیکھتا ہے۔
بابر اعظم کے اس جواب کے بعد سوشل میڈیا پر کئی صارفین کی جانب سے ویرات کوہلی کا ایک پرانا ویڈیو کلپ شیئر کیا جارہا ہے جس میں وہ کھلاڑی کی تکنیکی غلطی سے متعلق کسی سینئر کی تجویر سے متعلق گفتگو کررہے ہیں۔
سینئر اسپورٹس اینکر و صحافی عبدالغفار نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ” بابر اعظم، محمد یوسف اور سوشل میڈیا۔ جب کوہلی نے بحث ہی ختم کردی۔”
Babar Azam , Muhammad Yousaf
& social mediaOnce King Kohli ended the debate
Worth a watch
https://t.co/ngk2iFhP5o— Abdul Ghaffar 🇵🇰 (@GhaffarSports) November 9, 2026
اسپورٹس جرنلسٹ عمران صدیق نے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد اظہر کا انٹرویو شیئر کرتے ہوئے ان کے الفاظ اپنی ٹوئٹ میں لکھے کہ ”بابر اعظم کی تکنیک کا مسئلہ ہے لیکن اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہے، بابر اعظم کو مینٹلی سپورٹ کی بھی ضرورت ہے اس کا ٹائم اچھا نہیں چل رہا۔“
بابر اعظم کی تکنیک کا مسئلہ ہے لیکن اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہے، بابر اعظم کو میںنٹلی سپورٹ کی بھی ضرورت ہے اس کا ٹائم اچھا نہیں چل رہا https://t.co/rJgqplshVP
— ٰImran Siddique (@imransiddique89) November 8, 2026
واضح رہے کہ آج راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بابر اعظم 57 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
