امریکی ریاست کیلیفورنیا میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبینہ طور پر بار بار قتل کی دھمکیاں دینے والے سابق پوڈکاسٹر کو گرفتار کرلیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق لاس اینجلس کے رہائشی 40 سالہ بینجمن ازاریہ ساؤتھ ورتھ پرامریکی صدر کے خلاف دھمکی آمیزاوراشتعال انگیز بیانات دینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم نے یوٹیوب، انسٹاگرام اورٹک ٹاک سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر متعدد ویڈیوز اور بیانات جاری کیے، جن میں ٹرمپ اوران کے حامیوں کے خلاف اپنی شدید مخالفت اور نفرت کا اظہار کیا گیا۔
امریکی حکام کے مطابق ملزم نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ہراساں کرنے، دھمکانے اور بدسلوکی پر مبنی طرزِ عمل اختیار کیا۔
ملزم نے ایک ویڈیو میں امریکی صدر ٹرمپ کو پھانسی دینے کا مطالبہ کرنے کی بات بھی کی اور انتہائی اشتعال انگیز الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کو قتل کردیا جائے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملزم نے 7 اپریل کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر صدر ٹرمپ کو دھمکی دینے والی ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی تھی۔
حکام نے سوشل میڈیا پر جاری ان بیانات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے کارروائی کی اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق گرفتار شخص کو لاس اینجلس کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں اس کے خلاف الزامات کی باقاعدہ کارروائی شروع ہوگی۔
عدالت میں پیشی کے بعد ملزم کے خلاف مقدمے کی مزید قانونی کارروائی اور الزامات کی نوعیت واضح ہونے کا امکان ہے۔


