قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک بڑا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے تیز ترین 150 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی فاسٹ بولر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
شاہین آفریدی نے یہ تاریخی کامیابی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں سہ ملکی سیریز کے چوتھے میچ میں انگلینڈ کے خلاف حاصل کی۔ انہوں نے پاکستان کے نامور فاسٹ بولرز وقار یونس اور شعیب اختر کا برسوں پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے، جنہوں نے اپنے ون ڈے کیریئر کے دوران 91 میچز میں 150 وکٹوں کا ہدف مکمل کیا تھا۔
Fastest Pakistan pacer to 150 ODI wickets! 🚨
@iShaheenAfridi gets to the milestone in his 80th match 🔥
#PAKvENG | #CricketKaJashan | #PinkDay https://t.co/gRHn153gU0
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 25, 2026
تاہم اگر مجموعی طور پر تمام پاکستانی بولرز (بشمول اسپنرز) کا جائزہ لیا جائے تو ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے تیز ترین 150 وکٹیں حاصل کرنے کا قومی ریکارڈ اب بھی سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کے پاس ہے، جنہوں نے محض 78 میچز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
عالمی سطح پر ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 150 وکٹیں مکمل کرنے والے بولرز میں نیپال کے اسپنر سندیپ لامیچانی 73 میچز کے ساتھ پہلے اور آسٹریلیا کے تیز رفتار فاسٹ بولر مچل اسٹارک 77 میچز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ ان کے بعد ثقلین مشتاق 78، افغانستان کے راشد خان اور بھارت کے محمد شامی 80، 80 میچز، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ 81 میچز اور آسٹریلیا کے بریٹ لی 82 میچز کے ساتھ بالترتیب اس عالمی فہرست کے نمایاں نام ہیں۔
ODI wicket No. 1️⃣5️⃣0️⃣ 🙌
Pakistan captain @iShaheenAfridi strikes in the first over! 🦅
#PAKvENG | #CricketKaJashan | #PinkDay https://t.co/AjxBorY1vC
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 25, 2026
دوسری جانب ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے تیز ترین 150 وکٹیں لینے کا اعزاز وقار یونس اور لیگ اسپنر یاسر شاہ کے پاس مشترکہ طور پر موجود ہے، جنہوں نے 27، 27 ٹیسٹ میچز میں یہ ہدف حاصل کیا تھا۔
یاد رہے کہ شاہین آفریدی نے گزشتہ روز ہی اپنی بولنگ اسپیڈ رفتار میں آنے والی مسلسل کمی کے حوالے سے اٹھنے والے سوالات اور تنقید پر بلا جھجھک اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ”بالکل، میری اسپیڈ کم ہوئی ہے، لیکن میں سمجھتا ہوں کہ اس وقت پاکستان ٹیم کو میری رفتار سے زیادہ وکٹوں کی ضرورت ہے۔“
