امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے سے صرف دو ہفتے دور تھا، اسی لیے امریکا نے ایران کی جوہری صلاحیت کو تباہ کردیا۔
سوشل میڈیا پرجاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران کو ایٹمی ہتھیار رکھنے کی اجازت دی جاتی تو وہ انہیں استعمال کرچکا ہوتا۔
امریکی صدر نے اپنے دعوے کے حق میں مزید کہا کہ ایران کی جوہری صلاحیت کو ختم کرنا امریکا کی کارروائی کا اہم مقصد تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا اورایران کے درمیان جاری جنگ کے حوالے سے بھی دعویٰ کیا کہ امریکا ’’حیرت انگیز نتائج‘‘ حاصل کررہا ہے تاہم انہوں نے اپنے بیان میں ان نتائج کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
امریکی صدرنے آبنائے ہرمز کے حوالے سے بھی بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم آبی گزرگاہ اب امریکی کنٹرول میں ہے، انہوں نے سوشل میڈیا پرسوال اٹھایا کہ کیا آبنائے ہرمزکا نام تبدیل کردینا چاہیے؟
ٹرمپ کے بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا اورایران کے درمیان کشیدگی کے باعث خطے میں آبنائے ہرمز کی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کیلئے انتہائی اہم سمندری راستہ تصور کیا جاتا ہے۔
امریکی صدرکے تازہ دعووں نے ایران کی جوہری صلاحیت اور آبنائے ہرمز سے متعلق صورتحال پر ایک بار پھر بحث چھیڑ دی ہے۔


