واٹس ایپ نے آئی فون صارفین کے لیے شیڈولڈ میسجز کا فیچر متعارف کراتے ہوئے آزمائشی سروس شروع کر دی۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ڈبلیو اے بیٹا انفو کے مطابق یہ فیچر پہلے اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن میں سامنے آیا تھا، جبکہ اب اسے منتخب آئی او ایس بیٹا صارفین کے لیے بھی آزمایا جا رہا ہے۔
نئے فیچر کے ذریعے صارفین کسی بھی چیٹ میں پیغام لکھنے کے بعد ہولڈ بٹن دبا کر اپنی مرضی کی تاریخ اور وقت منتخب کرسکیں گے، جس کے بعد پیغام مقررہ وقت پر خودکار طور پر بھیج دیا جائے گا۔
پیغام شیڈول کرنے کے بعد متعلقہ چیٹ میں تصدیقی اطلاع بھی ظاہر ہو گی، تاہم یہ اطلاع صرف اسی صارف کو نظر آئے گی جس نے پیغام بھیجنے کا وقت مقرر کیا ہو گا۔
رپورٹ کے مطابق صارفین کم از کم 10 منٹ بعد سے لے کر دو ہفتے تک کے لیے پیغامات شیڈول کرسکیں گے۔ یہ سہولت صرف تحریری پیغامات تک محدود نہیں ہوگی بلکہ تصاویر، ویڈیوز اور ویب لنکس بھی مقررہ وقت پر بھیجنے کے لیے شیڈول کیے جاسکیں گے۔ تاہم فی الحال متعدد تصاویر یا ویڈیوز کو ایک ساتھ شیڈول کرنے کا آپشن دستیاب نہیں۔
¡Por Fin! Ya se puede programar mensajes en WhatsApp. Dime si ya te aparece y sino esperemos que no te tarde tanto en llegar la actualización en México #whatsapp #tips https://t.co/N0R6tLmBIh
— Jose Antonio Ponton (@japonton) October 19, 2026
فیچر کن صارفین کو دستیاب ہوگا؟
فی الحال شیڈولڈ میسجنگ فیچر صرف منتخب بیٹا ٹیسٹرز کے لیے دستیاب ہے۔ جن صارفین کو اس فیچر تک رسائی نہیں ملی، وہ اسے خود سے فعال نہیں کرسکتے۔
آئی فون اور اینڈرائیڈ دونوں پر اس فیچر کی آزمائش جاری ہے، جس سے اشارہ ملتا ہے کہ مستقبل میں اسے مزید صارفین کے لیے متعارف کرایا جا سکتا ہے۔ تاہم واٹس ایپ نے تاحال اس فیچر کے اجرا کے حوالے سے باضابطہ اعلان نہیں کیا۔



