واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی مقبولیت سے متعلق سروے کو جعلی قرار دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ میڈیا کے جعلی سروے بےقابو ہوچکے ہیں۔ اور ان کے خلاف کچھ نہ کچھ کرنا لازمی ہے۔
اپنے خلاف سروے کو جعلی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے جعلی سروے عوام کو گمراہ کرنے کا باعث بنتے ہیں۔ اس لیے ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے وفاقی مواصلاتی کمیشن (ایف سی سی) پر بھی زور دیا کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے جعلی سروے کے خلاف ضروری اقدامات کرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ایک سروے میں کہا گیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت ان کی صدارتی مدت کی کم ترین سطح 33 فیصد تک گر گئی ہے، جبکہ اکثریت نے ایران کے خلاف جنگ کے طویل عرصے تک جاری رہنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
چار روزہ آن لائن سروے کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ صرف 33 فیصد امریکیوں نے ٹرمپ کی کارکردگی کی توثیق کی، جبکہ 64 فیصد نے ان کے اقدامات سے عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
سروے میں شامل 80 فیصد امریکیوں (جن میں 87 فیصد ڈیموکریٹس اور 71 فیصد ریپبلکنز شامل ہیں) کا ماننا تھا کہ ایران میں امریکی شمولیت ایک طویل عرصے تک برقرار رہے گی، جبکہ صرف 16 فیصد لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ تنازع چند ہفتوں میں ختم ہو جائے گا۔


