آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں جیپ تقریباً ایک ہزار فٹ گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں جیپ میں سوار تمام 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ نواحی علاقے نکیاں شکر پٹیاں سیری درہ روڈ پر پیش آیا، حادثے کے وقت جیپ میں مجموعی طور پر 7 افراد سوار تھے اور تمام افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور تمام لاشوں کو کھائی سے نکال لیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں میڈیکل ریسکیو وہیکل کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئیں۔ تاہم کھائی تقریباً ایک ہزار فٹ گہری ہونے کے باعث لاشوں کو نکالنے کے آپریشن میں مشکلات کا سامنا رہا۔ریسکیو ٹیم کے مطابق تمام لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کے بارے میں فی الحال کچھ کہنا ممکن نہیں۔
جاں بحق افراد کے نام
حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں جیپ کا ڈرائیور عبدالوحید، محمد خالد، شفاعت حسین، فیاض احمد، سعد ریاض، اعظم ریاض اور افتخار احمد شامل ہیں۔
یاد رہے گزشتہ روز آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں بچوں کو اسکول لے جانے والی گاڑی دریائے نیلم میں گرنے کے نتیجے میں 4 بچے جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے تھے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بچوں کو لے جانے والی جیپ نگدر سے آٹھمقام جا رہی تھی، نگدرگھوڑے نکہ کے مقام پر حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے کا شکار تمام بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 2 بھائی اور بہن بھائی شامل ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور متعلقہ اداروں کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے دریا سے حسنین ولد ظہور عمر 12 سال ، زرید ولد ظہور ، تیفو ولد مشکور عمر 10 سال اور علین دختر مشکور کی لاشیں لاشیں نکال کر مقامی اسپتال منتقل کر دیں، جبکہ زخمی بچوں کو بھی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
زخمیوں میں راشدہ بی بی زوجہ ظہور، مشکور ولد ظفر اللہ عمر 50 سال، عبداللہ والد مشکور عمر 9 سال اور ایمن دختر ظہور عمر 12 سال شامل تھیں۔

