سری لنکا کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور پاکستان کے سابق ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف بڑے ہدف کے تعاقب کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کی تھی، جس پر عمل درآمد کامیاب رہا اور ٹیم کے چار کھلاڑیوں نے بہترین اننگز کھیلیں۔
22 اکتوبر کو کھیلے جانے والے سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے انگلینڈ کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں 430 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرکے شاندار فتح اپنے نام کر لی تھی، بڑے ہدف کے دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے سری لنکن کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا اور اپنی غیر معمولی بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ کو شکست سے دوچار کر دیا۔
ہم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے گیری کرسٹن نے کہا کہ جب آپ اتنے بڑے ہدف کا تعاقب کرنے کا سوچتے ہیں تو اس کے لیے منصوبہ بندی ضروری ہوتی ہے۔ ہماری کوشش تھی کہ 30 اوورز تک ایسی پوزیشن میں پہنچ جائیں جس سے میچ جیتنے کے امکانات روشن ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کے مطابق اگر آخری 20 اوورز میں ہمیں 10 فی اوورز رنز بنانے کو ملتے ہیں تو ہم اس میچ کو ٹی ٹوئنٹی کی طرز پر کھیلیں گے، خوشی ہے کہ ہماری حکمت عملی کامیاب رہی اور چار کھلاڑیوں نے شاندار اننگز کھیلیں۔
گیری کرسٹن کا کہنا تھا کہ ایسے سنسنی خیز مقابلے کا حصہ بننا بہت اچھا تجربہ تھا، خصوصاً جب حریف ٹیم کے ایک کھلاڑی نے ڈبل سنچری اسکور کی ہو۔ دیکھا جائے تو ہمارے بھی تین کھلاڑیوں نے ایک طرح سے تین سینچریاں بنائیں۔
’داسن شاناکا کو بتایا تھا 50 گیندوں پر 100 رنز بنانے ہیں‘
انگلینڈ کیخلاف داسن شاناکا کی کارکردگی سے متعلق سری لنکن ہیڈ کوچ نے کہا کہ وہ ٹیم کے لیے انتہائی اہم کھلاڑی تھے اور ان میں تیز رفتاری سے رنز بنانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ ہم نے اننگز سے پہلے انہیں بتایا تھا کہ 50 گیندوں پر 100 رنز بنانے ہیں۔ وہ ایسے کھلاڑی ہیں جنہیں ضرورت کے مطابق ٹاپ آرڈر میں بھی بیٹنگ کے لیے بھیجا جا سکتا ہے۔ داسن شاناکا نے ناقابل یقین اننگز کھیلی۔
گیری کرسٹن نے کہا کہ سیریز میں تین بہترین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ، پچز بہت اچھی ہیں اور بیٹرز اس ٹورنامنٹ سے بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر ٹیم پروفیشنل انداز میں کھیلتی ہے اور بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتی ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے کلچر اور کھلاڑیوں کی شخصیات میں فرق ہے، تاہم ایک متحرک اور پروفیشنل ٹیم کے ساتھ کام کرنا خوشگوار تجربہ ہے۔ میرے لیے اعزاز ہے کہ میں ایسے کھیل سے جڑ چکا ہوں جو میرے دور کا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتظامات کی تعریف
پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتظامات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے ٹورنامنٹ کے لیے بہترین انتظامات کیے ہیں۔ پچز اچھی ہیں، نیٹ بولرز معیاری ہیں اور کھلاڑیوں کا بھرپور خیال رکھا جا رہا ہے۔
اپنے مشاغل کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے گیری کرسٹن نے بتایا کہ سائیکلنگ ان کا پسندیدہ مشغلہ ہے اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں کے گرد سائیکل چلانے کا تجربہ بھی بہت اچھا رہا۔



