برطانوی حکومت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں کم از کم تین روز کے لیے ہنگامی ضروریات کا سامان محفوظ رکھیں تاکہ کسی بڑے بحران یا ہنگامی صورت حال میں بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
خبر رساں ادارے رائٹرزکے مطابق برطانوی حکومت نے جمعے کو کہا کہ رواں ہفتے پی ایچ پی سافٹ ویئر میں سامنے آنے والی خرابی اور موسم گرما کے دوران ریکارڈ توڑ گرمی، خشک سالی اور جنگلات میں آتش زدگی کے واقعات نے ہنگامی تیاری کی اہمیت مزید واضح کردی ہے۔
حکومت کے مطابق شہریوں کو ممکنہ ہنگامی حالات کے لیے پہلے سے تیار رہنا چاہیے اور گھروں میں تین دن تک گزارا کرنے کے لیے ضروری سامان رکھنا چاہیے۔
اس ہدایت کا مقصد بحران کی صورت میں شہریوں کو فوری مشکلات سے بچانے اور بنیادی ضروریات کی دستیابی یقینی بنانے کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔
UK tells public to keep three days’ emergency supplies at home https://t.co/ETqZB4DlrY https://t.co/ETqZB4DlrY
— Reuters (@Reuters) October 23, 2026
رائٹرز کے مطابق پی ایچ پی پروگرامنگ زبان میں خامیوں کے انکشاف کے بعد دنیا بھر کی حکومتوں اور کاروباری اداروں نے اپنے ڈیجیٹل نظام محفوظ بنانے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔
بدھ کو سامنے آنے والی ان خامیوں کے باعث بعض آن لائن خدمات عارضی طور پر بند کرنا پڑیں، جبکہ ہیکنگ کی کوششوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ان خامیوں کے انکشاف کے بعد لاکھوں ہیکنگ کوششیں سامنے آئیں، جس کے باعث حالیہ برسوں کے اہم سائبر سکیورٹی واقعات میں شامل اس معاملے پرعالمی سطح پر تشویش بڑھ گئی ہے۔
پی ایچ پی ایک پروگرامنگ زبان ہے جو ویب سائٹس اور آن لائن خدمات کی تیاری اور فعالیت کے لیے استعمال ہوتی ہے اس میں سکیورٹی کی خامیاں سامنے آنے پرایسے نظاموں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں جو اس ٹیکنالوجی پر انحصار کرتے ہیں۔
برطانوی حکومت کے اس مشورے میں قدرتی آفات، شدید موسمی حالات اور ڈیجیٹل نظاموں میں خرابی جیسے مختلف خطرات کے پیش نظر پیشگی تیاری کی اہمیت نمایاں کی گئی ہے، حکومت کا پیغام ہے کہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے بروقت تیاری شہریوں کی مشکلات کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔


