مری، کوٹلی ستیاں اور کہوٹہ میں موسم سرما کی پہلی بارش اور ژالہ باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ تیز اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔
مری میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، مری سمیت پہاڑی علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور آزاد کشمیر کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آئندہ 2 سے 4 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے۔
جہلم، خوشاب، سرگودھا، مظفرآباد، باغ اور کوٹلی میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، بارش کے باعث بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے، جبکہ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
بالائی و وسطی پنجاب, کشمیر اور گرد نواح میں اگلے چند گھنٹوں کے دوران بارش متوقع
#rainyday #weatherforecast #weather https://t.co/wKnsh7uuFz— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) October 23, 2026
مری میں شدید بارش کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ جاری کردیا ہے، انتظامیہ کے مطابق بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔
شہریوں اور سیاحوں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، مری میں تیز آندھی اور طوفانی بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری امدادی کارروائیاں یقینی بنائی جاسکیں۔
ڈپٹی کمشنر مری نے واپڈا، ریسکیو 1122، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کو فیلڈ میں الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورت حال میں بروقت کارروائی، شہریوں کی مدد اور متاثرہ علاقوں میں ضروری سہولیات کی بحالی کے لیے تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔
موسم کی اس تبدیلی کے باعث مری اور گردونواح میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ سیاحوں کو پہاڑی علاقوں کا رخ کرتے وقت موسم کی تازہ صورت حال سے باخبر رہنے، پھسلن والی سڑکوں پر احتیاط کرنے اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


