پاکستان محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں آئندہ دو روز کے دوران بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چار اور پانچ ستمبر کو اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا میں کہیں کہیں موسلادھار سے انتہائی موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت پنجاب کے اضلاع اٹک، چکوال، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، منڈی بہاؤالدین، میانوالی، نارووال، راولپنڈی اور سیالکوٹ میں وسیع پیمانے پر بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے۔
پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھکر، چنیوٹ، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، حافظ آباد، جھنگ، قصور، خوشاب، لاہور، ننکانہ صاحب، سرگودھا اور شیخوپورہ میں بھی کہیں کہیں بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بارش متوقع
خیبرپختونخوا میں ایبٹ آباد، باجوڑ، بٹگرام، بونیر، چارسدہ، چترال، ہنگو، ہری پور، کرک، خیبر، کوہاٹ، کوہستان، کرم، ملاکنڈ، مانسہرہ، مردان، مہمند، نوشہرہ، اورکزئی، پشاور، شانگلہ، صوابی، سوات، ٹورغر اور دیر میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، وزیرستان اور ٹانک میں بھی کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر موسلادھار سے انتہائی موسلادھار بارش متوقع ہے۔
بلوچستان کے موسیٰ خیل، شیرانی اور ژوب میں بھی کہیں کہیں بارش اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اربن فلڈنگ کا خدشہ، شہری احتیاط کریں
محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے 4 اور 5 ستمبر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں شہری سیلاب کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے ندی نالوں اور دریائے کابل کے معاون دریاؤں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی بتایا گیا ہے۔ شہریوں کو شدید بارش کے دوران نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
⚠️ Weather Warning: Heavy rainfall during 03 Sept (night) to 05 Sept may cause urban flooding in low-lying areas, flash flooding in local streams/nullahs, and landslides in vulnerable hilly regions. Stay alert and follow PMD updates.#PMD #HeavyRain #FlashFlood #WeatherWarning pic.twitter.com/CZ06Lw3PBY
— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) September 3, 2026
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق 4 سے 5 ستمبر کے دوران دریائے سندھ، جہلم، چناب اور راوی کے بہاؤ میں معتدل اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے 4 سے 6 ستمبر کے دوران جہلم، چناب اور راوی کے بعض معاون ندی نالوں میں درمیانے سے بلند درجے کے بہاؤ کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔
5 ستمبر کے بعد مون سون سرگرمی کم ہونے کا امکان
محکمہ موسمیات کے ہفتہ وار آؤٹ لک کے مطابق بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا سلسلہ 5 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے بعد مون سون کی سرگرمی میں کمی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو موسلادھار بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ممکنہ شہری و فلیش فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔


