تہران، ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل احمد وحیدی نے کہا ہے کہ امریکی افواج کے حملوں میں جاں بحق ہونے والے ایرانی شہریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور اس کا حساب لیا جائے گا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق احمد وحیدی نے جنوبی ایران میں شادی کی ایک تقریب پر مبینہ امریکی میزائل حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خوشی کی تقریب میں شریک معصوم خواتین، مردوں اوربچوں کونشانہ بنانا امریکی دشمنی اوربے بسی کوظاہرکرتا ہے۔
احمد وحیدی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی شہریوں کے خلاف اس نوعیت کی کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام مشکل حالات میں بھی اپنی مزاحمت جاری رکھیں گے اور دشمن کے دباؤ کے سامنے جھکنے کے بجائے مزید مضبوط عزم کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق جنوبی ایران میں شادی کی تقریب کو میزائل حملے کا نشانہ بنائے جانے کے بعد متعدد شہریوں کی ہلاکت اور کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
واقعے کے بعد ایرانی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، جبکہ حکام نے شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعے پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب امریکی فوج کا مؤقف ہے کہ اس کی کارروائیوں کا ہدف ایرانی فوجی تنصیبات اور دیگر عسکری اہداف تھے، امریکی حکام کی جانب سے شہریوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنانے کے الزام کی تردید کی گئی ہے۔
ایرانی کمانڈر نے واضح کیا کہ شہریوں کی ہلاکتوں کے واقعات کو نظراندازنہیں کیا جائیگا، ایرانی قوم اپنے شہدا کے خون کو فراموش نہیں کرے گی اورملک کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کا جواب دینے کے لیے قومی عزم برقرار ہے۔
جنوبی ایران میں شادی کی تقریب پرامریکی حملے نے خطے میں جاری کشیدگی اور فوجی کارروائیوں کے دوران شہری آبادی کے تحفظ سے متعلق خدشات کو ایک بار پھر نمایاں کردیا ہے۔
واقعے کی مزید تفصیلات کی حتمی تعداد کے بارے میں متعلقہ حکام کی جانب سے مزید معلومات سامنے آنا باقی ہیں۔



