وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برطانوی بادشاہ چارلس سوم کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زندگی عوامی خدمت کےلیےغیرمتزلزل عزم سے عبارت ہے،پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں،پاکستان اور برطانیہ کی گہری دوستی ایک مضبوط اقتصادی شراکت داری کی بھی متقاضی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد میں بادشاہ چارلس سوم کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے برطانوی بادشاہ چارلس سوم اور شاہی خاندان کے افراد کو دلی مبارکباددی۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے میدان میں پاکستان اور برطانیہ بھرپور مقابلہ کرتے ہیں،کھیل کے میدان سے باہر ہمارے تعلقات مضبوط اور دوستانہ ہیں،پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لاہور میں کھیلا گیا کرکٹ میچ سنسنی خیز تھا،شاداب خان اور حارث رئوف کی آخری وکٹ پر ریکارڈ ساز شراکت نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔
انہوں نے کہا کہ بادشاہ چارلس سوم کی زندگی عوامی خدمت کے لیےغیرمتزلزل عزم سے عبارت ہے،پاکستان اور برطانیہ کی دوستی کا رشتہ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ میری طویل اور خوشگوار وابستگی ہے،پاکستان اور برطانیہ کے درمیان 17 لاکھ پاکستانی نژاد برطانوی شہری مضبوط پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان براہ راست فضائی رابطہ چھ سال بعد بحال ہو چکا ہے،پی آئی اے نے اسلام آباد اور لاہور سے ہیتھرو ایئرپورٹ کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم تقریباً 5.5 ملین پائونڈ تک پہنچ چکا ہے،پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں، پاکستان اور برطانیہ کی گہری دوستی ایک مضبوط اقتصادی شراکت داری کی بھی متقاضی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے برطانیہ کے ساتھ گہرے علمی اور تاریخی روابط تھے۔انہوں نے کہا کہ تصادم کے بجائے ہمیشہ مکالمے کو ترجیح دی جانی چاہئے۔ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی سہولت کاری میں تعمیری کردار ادا کیا،پاکستان امن اور استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا،امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں میں برطانیہ کی حمایت قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ برطانوی ہائی کمشنر کی دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے خدمات قابل تحسین ہیں،جین میریٹ نے اقتصادی اور سفارتی تعلقات کے فروغ کے لیے بے پناہ خدمات انجام دیں،جین میریٹ لندن اور اسلام آباد کے درمیان ایک مضبوط اور قابل اعتماد پل ثابت ہوئی ہیں،جین میریٹ کے مستقبل کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے دعا کی کہ پاکستان اور برطانیہ کے عوام کے درمیان محبت اور دوستی کا رشتہ ہر آنے والی نسل کے ساتھ مزید مضبوط ہو۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کی تقریب میں شرکت دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاس ہے،پاکستان اور برطانیہ کے درمیان شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے وزیراعظم کی کوششوں پر شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی محبت، مہمان نوازی اور فراخ دلی سے مستفید ہوئی،پاکستان کے ہر شہر کا اپنا حسن اور ذائقہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے عوام، کاروباری اداروں اور مختلف نسلوں کے درمیان گہرے روابط ہیں،پاکستان برطانیہ کا تیسرا بڑا دوطرفہ تجارتی شراکت دار ہے،پاکستان اور برطانیہ تجارتی تعلقات کو مزید مواقع اور کامیابیوں میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔تقریب میں نائب وزیر اعظم ووزیرخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار،وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ اور عطاء اللہ تارڑ سمیت دیگر نے شرکت کی۔



