آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی اور اسپیکر طارق فاروق نے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھے۔
آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی اور اسپیکر طارق فاروق نے اعتماد کا اظہار کرنے پر (ن) لیگ کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز نے وزیراعظم افتخار گیلانی اور اسپیکر طارق فاروق کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد دی۔
بیرسٹر افتخار گیلانی دو دن قبل آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں 30 ووٹ حاصل کرکے ریاست کے 17 ویں وزیراعظم منتخب ہو گئے تھے۔
بیرسٹر افتخار گیلانی اس سے قبل وزیر تعلیم کے فرائض بھی سرانجام دے چکے ہیں۔ وہ پہلی بار 2011 میں آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ اس مرتبہ وہ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کے ذریعے کامیابی حاصل کرکے ایوان میں پہنچے ہیں۔
(ن) لیگ کی قیادت نے آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا۔ نواز شریف نے آزاد کشمیر میں صحت، تعلیم، صفائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں بہتری کے لیے پہلے 100 دنوں پر مشتمل اصلاحاتی منصوبہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ساتھ شیئر کیا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم افتخار گیلانی اور سپیکر طارق فاروق کی ملاقات
آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم افتخار گیلانی اور سپیکر طارق فاروق نے اظہار اعتماد پر پاکستان مسلم… pic.twitter.com/LbnmjQPvts— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) August 30, 2026
نواز شریف نے ہدایت کی کہ پنجاب کی طرح آزاد جموں و کشمیر کو جدت اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے ، اس موقع پر نواز شریف نے این اے 168 بہاولپور سے منیر اقبال چنڑ کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا۔
بیرسٹر افتخار گیلانی نے قانون ساز اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف اور مریم نواز کا شکر گزار ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر زمین کے ٹکڑے کا مسئلہ نہیں، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا مسئلہ ہے۔ اگر پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے تو کشمیر بھی پاکستان کے بغیر ادھورا ہے۔



