پاکستان نے دفاعی اور فضائی صلاحیتوں میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا، مقامی سطح پر تیار کردہ پہلے فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل ”فاز“ کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کرلیا گیا ہے، میزائل کی کامیابی کو ملکی دفاعی صنعت میں تکنیکی مہارت، جدت اور خود انحصاری کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے مقامی سطح پر تیار کردہ پہلے فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل فاز کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ میزائل طویل فاصلے پر دشمن کے فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل جدید ترین ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے، جو اسے اپنے ہدف تک درستگی کے ساتھ پہنچنے اور دشمن کے فضائی اہداف کو مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ میزائل فاز کی تیاری اور کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی مہارت، جدت اور خود انحصاری کا واضح مظہر ہے، اس سے پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور دفاعی لچک میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل کے کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کا مشاہدہ مسلح افواج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا، جنہوں نے اس اہم دفاعی پیش رفت کا براہ راست جائزہ لیا۔
میزائل کے کامیاب تجربے پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسزسید عاصم منیر اورسروسز چیفس نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اس موقع پر میزائل کی تیاری اور کامیاب تجربے میں کلیدی کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں اور انجینئرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، محنت اور کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔
واضح رہے کہ مقامی سطح پر جدید دفاعی ٹیکنالوجی کی تیاری پاکستان کی دفاعی ضروریات پوری کرنے اور بیرونی انحصار کم کرنے کی کوششوں کا اہم حصہ ہے، فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کی تیاری اور کامیاب تجربہ پاک فضائیہ کی فضائی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
یہ کامیابی ملکی دفاعی صنعت کے لیے بھی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ جدید میزائل ٹیکنالوجی میں مقامی مہارت کا حصول مستقبل میں دفاعی خود انحصاری کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔



