وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے عوام کو ریلیف دے دیا، پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 45 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 369 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں بھی 3 روپے 68 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 391 روپے 52 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 4 نومبر 2026 سے ہوگا۔
واضح رہے کہ آج وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی نوید سنائی۔

قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول کی قیمت 374 روپے 51 پیسے سے کم ہوکر 369 روپے 6 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 395 روپے 20 پیسے سے کم ہوکر 391 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی
3 نومبر 2026 کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔ امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات میں پیش رفت کی امید اور آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل سے متعلق خدشات میں کمی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر دباؤ رہا۔
رائٹرز کے مطابق 3 نومبر کو برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 103.14 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت 95.79 ڈالر فی بیرل تک آگئی۔
اس سے ایک روز قبل، 2 نومبر کو برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں میں 7.63 فیصد کمی ہوئی اور قیمت 104.77 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی، جبکہ امریکی خام تیل 7.36 فیصد کمی کے بعد 96.46 ڈالر فی بیرل پر آگیا، یہ ایک روزہ نمایاں کمی تھی۔



