مظفرآباد، نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں معمولاتِ زندگی کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹرافتخارگیلانی نے مرکزی ایوانِ صحافت مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صحافیوں سے ملاقات کی اور مختلف اہم امور پرگفتگو کی۔
نومنتخب وزیراعظم نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں انٹرنیٹ سروس جلد بحال کی جائے گی جبکہ عام انٹرنیٹ سروس بھی جلد از جلد بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، راستوں کی بندش اور دیگر رکاوٹیں دور کرنے کے لیے بھی حکومت مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
اس موقع پرانہوں نے کہا کہ مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت کل سے بحال ہو جائے گی، جس سے عوام اور کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات میں کمی آئے گی۔
بیرسٹر افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ حکومت آزاد کشمیر میں بھرپور ترقیاتی عمل شروع کرے گی اورعوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
مسلم لیگ ن کا ہمیشہ سے منشورترقی اورعوامی فلاح رہا ہے اور موجودہ حکومت بھی اسی وژن کے تحت عوام کی خدمت کرے گی۔
انہوں نے حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے میں میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت میڈیا کے مثبت کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
صحافی حکومت کی درست نشاندہی کریں تاکہ مسائل کے حل میں مدد مل سکے، صحافی حکومت کی اصلاح اور رہنمائی کریں، حکومت اچھا دورانیہ مکمل کرے گی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ میڈیا مسائل کی نشاندہی کرے، حکومت ان کے حل کے لئے عملی اقدامات کرے گی، عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ریاست کی ترقی کے لیے حکومت بھرپور اقدامات کرے گی۔
انہوں کہا کہ حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترنے اور آزاد کشمیر میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کے آغاز کے لیے پرعزم ہے۔


