حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 40 پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 374 روپے 51 پیسے ہو گئی۔
ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بھی بڑی کمی کر دی گئی۔ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 7 روپے 76 پیسے کی کمی کے بعد 395 روپے 20 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا اور یہ 3 نومبر کے لیے نافذ العمل ہو گا۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی
عالمی منڈی میں بھی خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ برینٹ اور امریکی خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد سے زائد کمی ہوئی۔
امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی جبکہ حوثی باغیوں کے سعودی عرب پر حملوں کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا۔ تاہم اب ایران امریکا مذاکرات میں پیش رفت کی امید پیدا ہونے کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر 4.2 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔ جس کی بڑی وجہ امن مذاکرات میں پیش رفت کو قرار دیا جا رہا ہے۔
گزشتہ ہفتے کے اختتام پر مشرق وسطیٰ میں کسی بڑے فوجی تصادم کی اطلاع بھی سامنے نہیں آئی۔ جس سے خطے میں کشیدگی کم ہونے اور امریکا ایران معاہدے کی امیدیں مزید بڑھ گئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انترمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں 4.41 ڈالر کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 99.71 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
اسی طرح برینٹ خام تیل 4.79 ڈالر یعنی 4.2 فیصد کمی کے بعد 108.64 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔


