مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق فاروق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر جبکہ احمد رضا قادری ڈپٹی اسپیکر منتخب ہو گئے۔
آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے بعد نئی قانون ساز اسمبلی کی تشکیل کا اہم مرحلہ مکمل ہو گیا ہے، چوہدری طارق فاروق 32 ووٹ لیکر قانون ساز اسمبلی کے 16 ویں اسپیکر جبکہ احمد رضا قادری 32 ووٹ لیکر 15 ویں ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے۔
مسلم لیگ ن کے چوہدری طارق فاروق کے 32 کے مقابلے میں پیپلز پارٹی کے قاسم مجید نے 13 ووٹ حاصل کئے۔ مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے چوہدری طارق فاروق کو اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔
چوہدری طارق فاروق حالیہ عام انتخابات میں بھمبر سے کامیاب ہوئے اور انہوں نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کو شکست دی۔
پونچھ اور سدھنوتی میں تاحال انتخاب نہ ہونے کے باعث 7 ممبران کے بغیر حکومت سازی کا عمل سرانجام دیا جا رہا ہے۔
قبل ازیں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا گیا تھا جس کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی آج صبح جمع کرائے گئے۔
کاغذات جمع کرانے سے کچھ دیر قبل پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے اپنے ڈپٹی اسپیکر کے امیدوار تبدیل کر دیئے تھے ، پیپلز پارٹی نے اسپیکر کے لیے قاسم مجید اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے عامر غفار لون کو جبکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے احمد رضا قادری ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کر دیا گیا تھا۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی مجموعی طور پر 53 ارکان پر مشتمل ہے۔ ان میں 45 نشستوں پر براہ راست انتخابات ہوتے ہیں، جبکہ 8 نشستیں مخصوص ہیں۔ مسلم لیگ ن کو 31 نشستوں کیساتھ برتری حاصل ہے جبکہ پیپلز پارٹی 14 نشستوں کیساتھ دوسرے نمبر پر پے۔
45 نشستوں میں 33 نشستیں آزاد کشمیر کے انتخابی حلقوں کیلئے جبکہ 12 نشستیں پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کے لیے مختص ہیں۔ باقی 8 مخصوص نشستوں میں خواتین کی 5، ٹیکنوکریٹس و دیگر پروفیشنلز کی ایک، علما و مشائخ کی ایک اور اوورسیز کشمیریوں کی ایک نشست شامل ہے۔



