لاہور: پیپلزپارٹی نے پنجاب کے بلدیاتی انتخابات اور صوبے میں پارٹی کی بحالی کے لیے فریال تالپور کو اہم ٹاسک سونپ دیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی ہدایت پر فریال تالپور نے پنجاب میں بھرپور سیاسی اور تنظیمی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور فریال تالپور کے درمیان سیاسی مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
فریال تالپور نے گزشتہ چار روز کے دوران پیپلزپارٹی وسطی اور جنوبی پنجاب کی تنظیموں کے رہنماؤں سے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقاتیں کیں۔ انہیں پنجاب کی سیاسی صورتحال اور پارٹی کے تنظیمی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق فریال تالپور نے پارٹی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ سال کے آخر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیا جائے اور ہر بلدیاتی حلقے میں امیدوار میدان میں اتارے جائیں۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں پیپلز پارٹی چھوڑنے والے رہنماؤں کو بھی دوبارہ جماعت میں شامل کرنے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ ہر ضلع میں سیاسی طور پر مضبوط اور بااثر شخصیات سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
فریال تالپور نے کہا ہے کہ جہاں بھی ان کی ضرورت ہو گی، وہ خود سیاسی شخصیات سے ملاقات کے لیے پہنچیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے ٹاؤن چیئرمینز کو زیادہ فنڈز دیئے، سعید غنی
ذرائع کے مطابق فریال تالپور جلد پنجاب بھر کے دورے پر نکلیں گی اور ڈویژن، ضلع اور تحصیل سطح پر پارٹی تنظیموں سے ملاقاتیں کریں گی۔
