کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر سعید غنی نے دعویٰ کیا ہے کہ جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹاؤن چیئرمینز کو زیادہ فنڈز دیئے ہیں۔
سندھ کے وزیر محنت سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے ترقیاتی فنڈز کی تقسیم میں کسی قسم کی تفریق نہیں کی، بلکہ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے ٹاؤن چیئرمینز کو بھی زیادہ فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے علاقوں میں فنڈز نہ دینے کا تاثر بالکل غلط ہے۔ پیپلز پارٹی تمام علاقوں کی یکساں تعمیر و ترقی پر یقین رکھتی ہے اور اس کی قیادت کی پورے کراچی پر مکمل توجہ ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ کراچی کی تمام بڑی سڑکیں پیپلز پارٹی کے دور میں تعمیر ہوئی ہیں، جبکہ شہر میں ریکارڈ ترقیاتی کام کیے گئے ہیں اور مختلف علاقوں میں ہزاروں منصوبے جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کوہ پیما ڈاکٹر اسما کی میت واپسی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے، عطا اللہ تارڑ
انہوں نے کہا کہ انتخابات میں عوام نے پیپلز پارٹی کے حق میں ووٹ دیا، اس لیے پیپلزپارٹی کے منتخب نمائندے عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے عوام کی بلا تفریق خدمت کا بیڑا اٹھایا ہے۔ اور عوام خود فیصلہ کریں گے کہ ان کی خدمت کس نے کی ہے۔
