ایتھنز، یونان میں جنگلات کی آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران دو فائر فائٹنگ ہیلی کاپٹر فضا میں آپس میں ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں دو اہلکار جاں بحق جبکہ دو دیگر معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
بی بی سی انگلش کے مطابق حادثہ دارالحکومت ایتھنز سے تقریباً 65 کلومیٹر مغرب میں اس وقت پیش آیا جب دونوں بیل (Bell) ہیلی کاپٹر ایٹیکا اور بوئوٹیا کی سرحد پر بھڑکتی جنگلاتی آگ پرقابو پانے کی کوششوں میں مصروف تھے۔
حادثے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ہیلی کاپٹر دوسرے کے روٹر بلیڈز سے ٹکرا گیا، جس کے بعد وہ آگ کی لپیٹ میں آکر قریبی کھائی میں گر کر تباہ ہوگیا، جبکہ دوسرا ہیلی کاپٹر ہنگامی لینڈنگ کرنے میں کامیاب رہا۔
یونانی فائر سروس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ڈنمارک سے تعلق رکھنے والا ایک پائلٹ اور یونانی فائر سروس کا رابطہ افسر شامل ہیں۔ دوسرے ہیلی کاپٹر میں سوار برطانوی پائلٹ اور ایک یونانی کوآرڈینیٹر محفوظ رہے۔
یونان میں حالیہ شدید گرمی کی لہر کے باعث مختلف علاقوں میں جنگلات کی آگ بھڑک اٹھی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد آبادیوں سے بڑے پیمانے پر انخلا بھی کرایا گیا ہے، جبکہ دیگر یورپی ممالک بھی تباہ کن جنگلاتی آگ کا سامنا کر رہے ہیں۔
انڈونیشیا;مسافر بردار بحری جہاز میں آگ لگ گئی،5 افراد ہلاک،41 لاپتہ
یونان کے وزیراعظم کیریاکوس میتسوتاکیس نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونانی افسر اور ڈنمارک کے پائلٹ کی موت پوری قوم کے لیے صدمے کا باعث ہے۔ انہوں نے جاں بحق اہلکاروں کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
