قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے براڈ پیک پر پیش آنے والے المناک برفانی تودے کے حادثے میں عالمی شہرت یافتہ برطانوی نژاد نیپالی کوہ پیما نرمل پرجا (نمز دائی) اور دیگر جاں بحق کوہ پیماؤں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ کچھ ہیرو کھیل کے میدانوں یا اسٹیڈیمز میں نہیں کھیلتے بلکہ دنیا کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کر کے اپنی جرات اور عزم کی نئی مثالیں قائم کرتے ہیں۔
Some heroes don’t play in stadiums—they conquer the world’s highest mountains. Nirmal Purja proved that courage, discipline, and determination can make the impossible possible. Saddened by the tragic loss of Nims Dai and his fellow mountaineers on Broad Peak. May their courage… pic.twitter.com/hPSZ4dyVdF
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) August 2, 2026
انہوں نے کہا کہ نرمل پرجا نے اپنی غیر معمولی ہمت، نظم و ضبط اور غیر متزلزل عزم سے ثابت کیا کہ اگر انسان کے ارادے مضبوط ہوں تو ناممکن کو بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
ان کی کامیابیاں صرف کوہ پیمائی تک محدود نہیں رہیں بلکہ انہوں نے پوری دنیا میں لاکھوں افراد کو اپنے خوابوں کے حصول کے لیے حوصلہ اور امید فراہم کی۔
سابق کپتان نے اپنے پیغام میں براڈ پیک پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نرمل پرجا اور ان کے ساتھ جاں بحق ہونے والے تمام کوہ پیماؤں کی المناک موت انتہائی افسوسناک ہے۔
تاریخ رقم کرنے والے نرمل پرجا براڈ پیک پر زندگی کی بازی ہار گئے
انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ نہ صرف کوہ پیمائی کی دنیا بلکہ کھیل اور مہم جوئی سے وابستہ ہر فرد کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ نرمل پرجا اور ان کے ساتھیوں کی جرات، بہادری اور قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور آنے والی نسلیں ان کے عزم اور حوصلے سے رہنمائی حاصل کرتی رہیں گی۔ ان کے مطابق ایسے افراد اپنی زندگی میں ہی نہیں بلکہ اپنے بعد بھی دوسروں کے لیے مشعلِ راہ بن جاتے ہیں۔
انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام کے اختتام پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام کوہ پیماؤں کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبر عطا کرے۔
