سینئر صحافی اور انسانی حقوق کے کارکن حسین نقی اتوار کو لاہور میں انتقال کرگئے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری سمیت سیاسی و سماجی شخصیات اور صحافیوں نے حسین نقی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
حسین نقی نے انتقال سے ایک روز قبل ہی لاہور میں ایک کتاب کی تقریبِ رونمائی میں شرکت کی تھی۔ وہ انگریزی اخبار ’دی نیوز‘ کے سابق ایڈیٹر تھے، جب کہ انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) سے بھی منسلک رہے۔
حسین نقی کے انتقال پر صحافیوں، سیاسی و سماجی شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سینئر صحافی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حسین نقی کی صحافت، آزادیِ اظہار اور انسانی حقوق کے لیے طویل خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا سینئر صحافی، انسانی حقوق کے علمبردار حسین نقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار۔
صدرِ مملکت کا حسین نقی کی صحافت، آزادی اظہار اور انسانی حقوق کے لیے طویل خدمات کو خراجِ تحسین۔
حسین نقی نے صحافت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی: صدر زرداری
صدرِ مملکت کا حسین نقی کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت، مرحوم کے لیے دعائے مغفرت۔
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) November 22, 2026
ایوانِ صدر سے جاری ایک بیان میں صدرِ مملک نے کہا کہ حسین نقی نے صحافت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
آصف علی زرداری نے حسین نقی کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔
صحافی و شاعر احمد فرہاد نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ حسین نقی نے ان کی کتاب کی تقریبِ رونمائی کی صدارت کی تھی۔
بیرسٹر اعتزاز احسن کی شدید علالت کے باعث صاحب فراش و بزرگ سید حسین نقی نے گزشتہ رات لاہور میں میری کتاب کی تقریب رونمائی کی صدارت کی۔یہ میری حسین نقی صاحب سے پہلی ملاقات تھی۔کہنے لگے میاں کتاب مجھے کل دوپہر میں ہی ملی اور پڑھنا شروع کی تو جی کیا کہ شدید بیماری کے باوجود شرکت ضرور کروں۔حیرت ہے کہ شدید نقاہت کے باوجود اپنے صدارتی کلمات میں انہوں نے تقریبا آدھی کتاب پڑھ کر سنا دی۔تقریب کے کچھ دیر بعد ہی اطلاع ملی کہ راستے میں ہی ان کی طبیعت بگڑ گئی ہے اور انہیں ہسپتال لے جایاگیااور اب صبح آنکھ کھلتےہی یہ اندوہناک خبر قیامت بن کر ٹوٹی۔حسین نقی پاکستان میں انسانی حقوق اور صحافت کے بابا آدم اور لکھنوی تہذیب کے نمائندہ تھے۔
پیدا کہاں ہیں ایسے پراگندہ طبع لوگ— Ahmad Farhad (@AhmadFarhadReal) November 22, 2026
احمد فرہاد کے مطابق بیرسٹر اعتزاز احسن کی شدید علالت کے باعث بزرگ صحافی حسین نقی نے گزشتہ رات لاہور میں ان کی کتاب کی تقریبِ رونمائی کی صدارت کی۔
احمد فرہاد نے لکھا کہ ”یہ میری حسین نقی صاحب سے پہلی ملاقات تھی۔ کہنے لگے میاں کتاب مجھے کل دوپہر میں ہی ملی اور پڑھنا شروع کی تو جی کیا کہ شدید بیماری کے باوجود شرکت ضرور کروں۔ حیرت ہے کہ شدید نقاہت کے باوجود اپنے صدارتی کلمات میں انہوں نے تقریباً آدھی کتاب پڑھ کر سنا دی۔“
شاعر احمد فرہاد کے مطابق تقریب کے کچھ دیر بعد ہی راستے میں حسین نقی کی طبیعت خراب ہونے کی اطلاع ملی اور انہیں اسپتال لے جایا گیا۔ ان کے بقول صبح آنکھ کھلتے ہی یہ اندوہناک خبر سامنے آئی۔
انہوں نے لکھا کہ حسین نقی پاکستان میں انسانی حقوق اور صحافت کے بابا آدم اور لکھنوی تہذیب کے نمائندہ تھے۔
حسین نقی کے انتقال پر وکیل سلمان اکرم راجا نے لکھا کہ گزشتہ روز احمد فرہاد کے شعری مجموعے کی رونمائی کی تقریب ان کے طویل اور بامعنی سفر کا آخری سلام ثابت ہوئی۔
افسوس حسین نقی صاحب ہم میں نہ رہے! انا للہ و انا الیہ راجعون۔ کل دوپہر ہیومن رائیٹس کمیشن میں احمد فرہاد کے شعری مجموعے کی رونمائی کی تقریب انکے طویل اور بامعانی سفر کا آخری سلام ثابت ہوئی۔ کل بھی میرے ساتھ بیٹھے وطن عزیز میں جبر کے خلاف عوامی ریلے کا خواب دیکھتے رہے۔ میری ان سے شناسائی اور عقیدت دہائیوں پر پھیلی رہی۔ کل کہا کہ اپنی سوانح حیات پر مبنی کتاب مجھے بھجوائیں گے۔ ظلم اور ظالم کیخلاف احمد فرہاد کی مزاحمت کی شاعری حاضرین کی خدمت میں پیش کرتے رہے۔ آئی اے رحمان صاحب، عاصمہ جہانگیر صاحبہ، پروفیسر امین مغل اور اب حسین نقی صاحب۔ پاکستان میں انسان کی عزت اور غریب کی آواز کے عروج کے خواب دیکھنے اور دکھانے والے حسین ترین نگینے بچھڑ رہے ہیں۔ انکے خوابوں کی تعبیر ابھی ہونا باقی ہے۔ انکے خواب پچیس کروڑ کے خواب ہیں۔
— salman akram raja (@salmanAraja) November 22, 2026
سلمان اکرم راجا نے ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں لکھا کہ حسین نقی ”کل بھی میرے ساتھ بیٹھے وطن عزیز میں جبر کے خلاف عوامی ریلے کا خواب دیکھتے رہے۔ میری ان سے شناسائی اور عقیدت دہائیوں پر پھیلی رہی۔ کل کہا کہ اپنی سوانح حیات پر مبنی کتاب مجھے بھجوائیں گے۔“
انہوں نے مزید لکھا کہ آئی اے رحمان، عاصمہ جہانگیر، پروفیسر امین مغل اور اب حسین نقی جیسے لوگ بچھڑ رہے ہیں، جو پاکستان میں انسان کی عزت اور غریب کی آواز کے عروج کے خواب دیکھتے اور دکھاتے رہے۔
سلمان اکرم راجا کی پوسٹ کے جواب میں صحافی رائے غلام علی نے ایک پوسٹ میں حسین نقی کی اسی تقریب میں شرکت کا ایک کلپ شیئر کیا۔
اس کلپ میں حسین نقی سلمان اکرم راجا کو مشورہ دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ پاکستان میں اگر تبدیلی چاہتے ہیں تو سڑکوں پر نکلنا پڑے گا اور لڑنا پڑے گا۔ ظاہر ہے اس میں شہادتیں بھی ہوں گی اور قید و بند بھی ہوگی۔ اگر آپ اس کے لیے تیار نہیں ہوں گے تو گلے میں غلامی کا طوق ہی جاری رہے گا۔
مرحوم سینیئر صحافی حسین نقی صاحب جاتے جاتے سلمان اکرم راجہ کو بڑا مشورہ دے گئے! تبدیلی صرف سڑکوں پر آئے گی! @salmanAraja @PTI https://t.co/qDZ93EfKTD
— Rai Ghulam Ali (@ghulamali_rai) November 22, 2026
سینئر صحافی حامد میر نے ’ایکس‘ پر اپنا ایک پرانا کالم شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جب حسین نقی نے پاکستان کے پہلے سویلین مارشل لا ایڈمنسٹریٹر ذوالفقار علی بھٹو سے سرعام اختلاف کیا تو انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ ان پر فوجی عدالت میں مقدمہ چلا اور ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔
حامد میر کے بقول جنرل ضیا کا مارشل لا آیا تو حسین نقی پھر گرفتار ہوئے۔ گرفتاری کے بعد انہیں شاہی قلعے لاہور کے عقوبت خانے میں بند کردیا گیا۔ یہاں ان سے تفتیش کے لیے آنے والے ایک پولیس افسر نے حسین نقی کو دیکھ کر کہا کہ آپ کو تو بھٹو حکومت میں بھی گرفتار کیا گیا تھا، اب آپ پھر گرفتار ہوگئے۔ آپ کو ہر حکومت سے اختلاف کیوں ہو جاتا ہے؟
جب حسین نقی صاحب نے پاکستان کے پہلے سویلین مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر ذوالفقار علی بھٹو سے سرعام اختلاف کیا تو گرفتار کر لئے گئے ۔ اُن پر فوجی عدالت میں مقدمہ چلا اور ایک سال قید کی سزا ملی۔ جنرل ضیاء کا مارشل لاء آیا تو حسین نقی پھر گرفتار ہو گئے ۔ گرفتاری کے بعد انہیں شاہی قلعے لاہور کے عقوبت خانے میں بند کر دیا گیا۔ یہاں اُن سے تفتیش کیلئے ایک پولیس افسر آیا تو نقی صاحب کو دیکھ کر بولا کہ آپ کو تو بھٹو حکومت نے بھی گرفتار کیا تھا ۔ اب آپ پھر گرفتار ہو گئے ہیں آپ کو ہر حکومت سے اختلاف کیوں ہو جاتا ہے؟ نقی صاحب نے کہا مجھے نہیں حکومتوں کو مجھ سے اختلاف ہو جاتا ہے۔ نقی صاحب کے بارے میں ایک پرانا کالم 👇
https://t.co/BKHMuubMKn
— Hamid Mir حامد میر (@HamidMirPAK) November 22, 2026
حامد میر کے مطابق اس سوال پر حسین نقی نے جواب دیا تھا کہ ”مجھے نہیں حکومتوں کو مجھ سے اختلاف ہو جاتا ہے۔“
حسین نقی کے انتقال پر صحافی عصمت اللہ نیازی نے اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ “حسین نقی صاحب بھی چل دیے۔ نقی صاحب کو ہمیشہ ہنستا مسکراتا پایا۔ جہاں کہیں بھی ملے دور سے آواز لگائی ’ارے نیازی کہاں ہو بھئی یو ہی لکھتے رہا کر‘ اور پھر دیر تک ہاتھ تھامے کھڑے رہتے اور مختلف امور باتیں کرتے رہتے۔”
ان کے بقول کوئی بھی حسین نقی سے ملتا اور انٹرویو کا کہتا تو وہ ہنستے ہوئے کہتے تھے کہ بھئی جو کرنا ہے جلد کر لو، بس اب چل چلاؤ ہے۔
عصمت اللہ نیازی نے کہا کہ حسین نقی نے ساری زندگی انسانی حقوق، آزادیِ اظہارِ رائے اور پریس فریڈم کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ وہ کبھی لاہور تو کبھی کراچی اور اسلام آباد میں مختلف کانفرنسز، سیمینارز اور احتجاج میں ضرور شریک ہوتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ حسین نقی چند روز قبل ہی ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی کونسل کے رکن منتخب ہوئے تھے اور 999 ووٹ حاصل کرکے ناصر زیدی کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے تھے۔ ان کے بقول حسین نقی نے ناصر زیدی کو چیئرمین منتخب کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا، حالانکہ وہ مخالف گروپ کے سپورٹر تھے۔
سابق وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے حسین نقی کے انتقال پر لکھا کہ ان کے انتقال کی خبر سن کر افسوس ہوا۔ وہ ایک قدآور صحافی اور انسانی حقوق کے لیے انتھک جدوجہد کرنے والے کارکن تھے۔
فواد چوہدری کے بقول صحافت اور انسانی حقوق کے لیے حسین نقی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مرحوم کے لیے جنت میں اعلیٰ مقام کی دعا بھی کی۔
Saddened to hear of the passing of Hussain Naqi. He was a towering journalist and a tireless human rights activist whose contributions will always be remembered. May Allah grant him the highest place in Jannah. Ameen.
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) November 22, 2026
صحافی ندیم رضا نے اپنے پیغام میں لکھا کہ اصولوں کا استعارہ سینئر صحافی اور انسانی حقوق کے سرگرم رہنما حسین نقی 93 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ دیانت داری اور اصول پسندی کا ایک مثالی نمونہ تھے۔ صحافت، جمہوریت اور انسانی حقوق کی تحریکوں کے لیے ان کی خدمات 60 برسوں پر محیط تھیں۔
حسین نقی ایک عہد کا اختتام
ضمیر کی آواز، اصولوں کا استعارہ سینئر صحافی اور انسانی حقوق کے سرگرم رہنما حسین نقی 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ لاہور میں نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ دیانت داری اور اصول پسندی کا ایک مثالی نمونہ تھے۔ صحافت، جمہوریت اور انسانی حقوق کی تحریک کیلیے آپکی خدمات ساٹھ برسوں پر محیط تھیں۔حسین نقی کا انتقال صرف ایک بزرگ صحافی کی رخصتی نہیں بلکہ ہماری صحافت اور جمہوری تاریخ کے ایک اہم عہد کا اختتام ہے۔ ان کے نزدیک صحافی کی اصل طاقت اس کا قلم، اس کی دیانت اور اس کا آزاد ضمیر ہوتا ہے۔ دنیا میں کوئی ہمیشہ کے لیے نہیں آیا لیکن تاریخ ان لوگوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے جو اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا کرتے۔
پروردگار ان کے درجات بلند فرمائے۔ #HussainNaqi— Nadeem Raza (@nadeemraza5) November 22, 2026
ندیم رضا نے لکھا کہ حسین نقی کا انتقال صرف ایک بزرگ صحافی کی رخصتی نہیں بلکہ ہماری صحافت اور جمہوری تاریخ کے ایک اہم عہد کا اختتام ہے۔
