پاکستان 23 سے 26 نومبر تک اسلام آباد میں جوہری سلامتی سے متعلق تربیت اور معاونت کے مراکز کے بین الاقوامی نیٹ ورک (این ایس ایس سی نیٹ ورک) کے 15ویں سالانہ اجلاس کی میزبانی کرے گا، اجلاس عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے تعاون سے منعقد کیا جائے گا جس میں مختلف ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ جوہری سلامتی کے تربیتی و معاونتی مراکز کا بین الاقوامی نیٹ ورک 2012 میں قائم ہوا تھا اور اس کے ابتدائی سالانہ اجلاس آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئے، 2016 میں پاکستان نے پہلی مرتبہ ویانا سے باہراجلاس کی میزبانی کی جبکہ 2018 میں جاپان اور 2019 میں چین میں سالانہ اجلاس ہوا۔ 2022 کا اجلاس دوبارہ ویانا میں منعقد کیا گیا،2023 میں تھائی لینڈ کے شہر پٹایا اور2024 میں ویانا نے بھی اجلاس کی میزبانی کی۔
ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چار روزہ اجلاس میں عالمی جوہری توانائی ایجنسی اوراین ایس ایس سی نیٹ ورک کے 49 رکن ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے۔
اجلاس کا مقصد جوہری سلامتی کے شعبے میں تربیت اورمعاونت کومزید مضبوط بنانے، بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے اوراس حوالے سے تجربات کے تبادلے کے طریقوں پرتبادلہ خیال کرنا ہے۔
🔊PR No.3️⃣4️⃣6️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
Curtain Raiser: Pakistan to Host the 15th Annual Meeting of the International Network for Nuclear Security Training and Support Centres (NSSC Network)
🔗⬇️ https://t.co/8WuPTLd552
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) November 22, 2026
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں شریک ممالک کے نمائندے جوہری سلامتی کے شعبے میں تربیتی سرگرمیوں اور معاونت کو بہتر بنانے کیلئے مختلف امورپرگفتگو کریں گے، اس کے علاوہ بین الاقوامی سطح پرتعاون بڑھانے اور متعلقہ شعبے میں حاصل ہونے والے تجربات اورمعلومات ایک دوسرے کیساتھ شیئرکرنے پربھی توجہ دی جائے گی۔
پاکستان اس سے قبل 2016 میں بھی این ایس ایس سی نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کرچکا ہے، یہ اجلاس پہلی مرتبہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ویانا میں واقع ہیڈکوارٹرزسے باہرمنعقد ہوا تھا جس کی میزبانی پاکستان نے کی تھی۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد میں اس عالمی اجلاس کی میزبانی جوہری سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم اور بین الاقوامی تعاون میں اس کے کردار کی عکاسی کرتی ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پاکستان علم کے تبادلے اور پائیدارصلاحیت سازی کے ذریعے جوہری سلامتی کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے ہوئے ہے۔
چار روزہ اجلاس میں مختلف ممالک کے ماہرین اور نمائندوں کی شرکت سے اس شعبے میں باہمی تعاون اور تجربات کے تبادلے کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔



